چیف منسٹر کی عہدیداروں کو ہدایت، پنشن، راشن کارڈ اور مفت برقی جیسی رعایتیں خطرہ میں
حیدرآباد۔/24 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں گانجہ کی کاشت اور فروخت پر قابو پانے کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بعض سخت گیر فیصلے کئے ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ گانجہ کی پیداوار میں ملوث افراد کو سرکاری اسکیمات کے فوائد سے محروم کردیا جائے۔ جہاں کہیں بھی گانجہ کی کاشت کا پتہ چلے عہدیداروں کو چاہیئے کہ ملوث افراد کو سرکاری اسکیمات سے محروم کرنے کی کارروائی کا آغاز کریں۔ رعیتو بندھو، رعیتو بیمہ اور مفت برقی سربراہی جیسی اہم مراعات سے محروم کرتے ہوئے گانجہ کی کاشت کی حوصلہ شکنی کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے محکمہ ایکسائیز کے اعلیٰ عہدیداروں اور ضلع کلکٹرس کو متحرک ہونے کی ہدایت دی تاکہ قبائیلی علاقوں میں گانجہ کی کاشت کو روکا جاسکے۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو ان علاقوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا جہاں خفیہ طور پر گانجہ کی کاشت کی جاتی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کاشت میں ملوث چاہے کوئی ہوں اور ان کا کسی بھی پارٹی سے تعلق کیوں نہ ہو ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیئے۔ سیاسی اثر و رسوخ کو ہرگز قبول نہ کیا جائے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ اگر کوئی عوامی نمائندے یا سیاسی قائدین گانجہ کی کاشت کی پشت پناہی میں ملوث پائے گئے تو اس کی اطلاع انہیں دی جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ سرکاری اسکیمات سے محروم کرنے کے طریقہ کار کو طئے کرنے کیلئے عنقریب چیف سکریٹری کی جانب سے اجلاس طلب کیا جائے گا۔ عہدیداروں کے مطابق نہ صرف مفت برقی سربراہی بلکہ رعیتو بندھو کی رقومات کے علاوہ آسرا پنشن، راشن کارڈ اور دیگر سہولتوں سے محروم کیا جائے گا۔ر