زرعی سرکاری فوائد سے بھی محروم کردیا جائیگا ، میدک میں اجلاس ، کلکٹر کا خطاب
میدک : ضلع کلکٹر میدک مسٹر ایس ہریش نے کسانوں کو انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ کسان اگر کھیتوں میں اپنی فصلوں کے ساتھ کہیں گانجہ کی کاشت کرتے ہیں تو ان کے خلاف فوجداری مقدمات کا اندرا ج ہوگا اور سرکاری فوائد سے بھی محروم کردیا جائیگا ۔ ضلع کلکٹر میدک نے اپنے چیمبر میں دیگر عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ ایک میٹنگ میں یہ بات کہی ۔ انھوں نے بتایا کہ ضلع میں اب تک گانجہ کاشت کرنے والے تین کسانوں کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔ اور منڈل ریگوڑ اور الہّ درگ کے سیوار میں 1283 پودے گانجہ کے تلف کئے گئے ہیں ۔ ضلع کلکٹر نے کہاکہ منڈل اگریکلچرل آفیسرس اور پنچایت سکریٹریز کو چاہئے کہ اپنے علاقوں کے کھیتوں کا معائنہ کرتے رہیں اور فوری طورپر پولیس میں شکایت کریں۔ انھوں نے کہاکہ گانجہ کی کاشت کے کیسوں کی روک تھام کیلئے محکمہ نشہ بندی اور محکمہ پولیس میں شراکت چاہئے اور اگر ضرورت پڑنے پر پی ڈی ایکٹ کے تحت بھی مقدمات درج کئے جاسکتے ہیں۔ ضلع کلکٹر نے عوام سے کہا کہ اگر کسی دیہات کے سیوار میں فصلوں کے ساتھ گانجہ اُگایا جارہا ہو اورکسی کو اس سے متعلق علم ہو تو مقامی پولیس کو مطلع کریں ، ان کے نام مخفی رکھے جائیں گے ۔ اس دوران ضلع کلکٹر نے کوویڈ ویکسین کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں اب تک 5 لاکھ 48 ہزار کو ویکسین دینے کا نشانہ مقرر کیا گیا تھا جس کے منجملہ 4 لاکھ 25 ہزار کو ویکسین دیا گیا ہے ۔ جاریہ ماہ کے اختتام تک باقی افراد کو ویکسین دے کر مقررہ نشانہ کو پورا کرلیں۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ ویکسین کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کریں۔ اس طرح ضلع کلکٹر نے پنچایت راج انجینئرس کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ میدک اندرا گاندھی اسپورٹس اسٹیڈیم میں جاری ترقیاتی کاموں کو جنگی خطوط پر مکمل کرلیں۔ اس میٹنگ میں ایڈیشنل کلکٹرس پریتما سنگھ ، جی رمیش ایڈیشنل ایس پی مسٹر کرشنا مورتی ، ضلع پریشد چیف ایگزیکٹیو آفیسر مسٹر ایم وی سلیش ، ڈپٹی سی ای او محترمہ سبھاشنی ، ضلع آبکاری آفیسر عبدالرزاق ، ڈسٹرکٹ پنچایت آفیسر مسٹر ترون ، ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسر وینکٹیشور راؤ ، ڈی ایس او مسٹر سرینواس ، ڈسٹرکٹ اگریکلچرل آفیسر پرشورام نائک ، ڈی ای او مسٹر رمیش کمار ، ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر مسٹر ناگراج اور پنچایت راج کے ایگزیکٹیو انجینئر بھی موجود تھے ۔
