سابق اسپیکر لوک سبھا میرا کمار مہمان خصوصی، بشیر باغ تا گاندھی بھون پد یاترا
حیدرآباد ۔یکم جون (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کی جانب سے کل 2 جون کو یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ صبح 10.30 بجے گاندھی بھون میں قومی پرچم لہرایا جائے گا۔ 11 بجے دن گن پارک پر سابق لوک سبھا اسپیکر میرا کمار شہیدان تلنگانہ کو خراج عقیدت پیش کریں گی ۔ اس موقع پر کانگریس کے سینئر قائدین اور عوامی نمائندے موجود رہیں گے۔ 11.15 بجے دن نظام کالج کے روبرو واقع مجسمہ ڈاکٹر جگجیون رام سے گاندھی بھون تک پد یاترا کا آغاز ہوگا۔ میرا کمار پد یاترا کی قیادت کریں گی جو گن فاؤنڈری ، عابڈس ، معظم جاہی مارکٹ سے گاندھی بھون پہنچے گی۔ گاندھی بھون میں یوم تاسیس کے سلسلہ میں جلسہ عام منعقد ہوگا۔ اے آئی سی سی انچارج مانک راؤ ٹھاکرے اور دیگر قائدین شرکت کرینگے۔ ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ کے مطابق علحدہ تلنگانہ جدوجہدکے جہدکاروں کو تہنیت پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں اور عوام سے بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے۔ اسی دوران نائب صدر ڈاکٹر ملو روی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے یوم تاسیس کی 20 روزہ تقاریب کو قطعیت دی ہے۔ ضلع اور دیہاتوں کی سطح پر پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان پروگراموں کے ذریعہ کے سی آر نریندر مودی حکومت کی ناکامیوں سے عوام کو واقف کرایا جائے گا۔ر