گاندھی بھون میں ریاستی وزیر سریدھر بابو نے عوامی مسائل کی سماعت کی

   

مختلف شعبہ جات سے متعلق 328 درخواستیں موصول، جی او 46 پر چیف سکریٹری سے بات چیت کا وعدہ
حیدرآباد۔/23اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس ہیڈ کوارٹر گاندھی بھون میں ریاستی وزراء کی عوام سے ملاقات پروگرام کے تحت آج وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے عوامی مسائل کی سماعت کی۔ ریاستی وزیر نے صبح 11 تا دوپہر2 بجے عوام سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل کی سماعت کی۔ مجموعی طور پر 328 درخواستیں داخل کی گئیں اور ریاستی وزیر نے بعض معاملات میں ضلع کلکٹرس اور اعلیٰ عہدیداروں کی توجہ مبذول کرائی۔ سماج کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے تحریری یادداشتوں کے ذریعہ اپنے مسائل کو پیش کیا۔ سریدھر بابو نے پولیس ریکروٹمنٹ کے امیدواروں کی جانب سے جی او نمبر 46 کے خلاف کی گئی نمائندگی کی سماعت کی۔ امیدواروں کا کہنا ہے کہ مذکورہ جی او کے نتیجہ میں امیدواروں سے ناانصافی کا اندیشہ ہے۔ سریدھر بابو نے اس سلسلہ میں چیف سکریٹری شانتی کماری سے بات چیت کرتے ہوئے مسائل کے حل کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بیروزگار نوجوانوں کے مسائل کی یکسوئی میں سنجیدہ ہے۔ ڈی ایس سی امیدواروں کے علاوہ معذورین کی جانب سے ریاستی وزیر کو مسائل سے واقف کرایا گیا۔ سریدھر بابو نے کہا کہ وہ 26 اکٹوبر کو چیف سکریٹری سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جی او 26 اور جی او 46 سے امیدواروں کو درپیش مسائل پر بات چیت کریں گے۔ سریدھر بابو نے کہا کہ جی او 46 کے ذریعہ کسی بھی شعبہ میں ناانصافی کو روکنے کیلئے حکومت قدم اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی بھی امیدوار کے ساتھ ناانصافی نہیں کرے گی۔اس موقع پر کانگریس کے کئی قائدین اور کارکنوں نے بھی سریدھر بابو سے ملاقات کی اور پارٹی کے مسائل پیش کئے۔ سریدھر بابو نے کہا کہ درخواست گذاروں کے علاوہ پارٹی کارکنوں کے ساتھ مکمل انصاف کیا جائے گا۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے صدارت کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد ہفتہ میں دو دن ریاستی وزراء کی گاندھی بھون آمد کا شیڈول تیار کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت تاحال ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی، دامودھر راج نرسمہا، پونم پربھاکر، جوپلی کرشنا راؤ، ڈی سیتکا اور پی ناگیشور راؤ نے عوامی سماعت کا مرحلہ مکمل کرلیا ہے۔1