تشکیل تلنگانہ سونیا گاندھی کا کارنامہ، ہنمنت راؤ نے دہلی میں پیاز تقسیم کی
حیدرآباد ۔9۔ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر کانگریس سونیا گاندھی کے 73 ویں سالگرہ کے موقع پر گاندھی بھون میں تقریب منعقد کی گئی جس میں قائدین نے کیک کاٹا اور پارٹی صدر کو مبارکباد پیش کی۔ نائب صدر پردیش کانگریس ڈاکٹر ملو روی، صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو ، نائب صدر پردیش کانگریس کمار راؤ ، سوریا نائک اور دیگر قائدین نے شرکت کی اور سونیا گاندھی کو مبارکباد پیش کی ۔ قائدین نے کہا کہ ملک میں طویل عرصہ تک کانگریس صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کا اعزاز سونیا گاندھی کو حاصل ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی نے ہر مشکل وقت میں پارٹی کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کانگریس پارٹی کو سونیا گاندھی کی قیادت طویل عرصہ تک جاری رہے گی۔ پارٹی قائدین نے سونیا گاندھی کی صحت اور درازی عمر کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ملک میں تعلیم کا حق ، رائیٹ ٹو انفارمیشن اور ضمانت روزگار جیسی منفرد اسکیمات کے آغاز کا سہرا سونیا گاندھی کے سر جاتا ہے ۔ سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ کیلئے 60 برسوں سے جاری جدوجہد کو تسلیم کرتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی ہے۔ اسی دوران صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے سونیا گاندھی کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ سونیا گاندھی نے حوصلے اور جرات مندی کے ساتھ کانگریس پارٹی کی قیادت اس وقت کی جب پارٹی کمزور تھی ۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی کی رہنمائی پارٹی قائدین کیلئے تادیر قائم رہے گی ۔ انہوں نے سونیا گاندھی کی بہتر صحت اور درازی عمر کی دعاء کی ۔ پی سی سی صدر نے کہا کہ تلنگانہ عوام کے دلوں میں سونیا گاندھی کا خصوصی مقام ہے کیونکہ انہوں نے علحدہ تلنگانہ ریاست کے خواب کی تکمیل کی۔ سونیا گاندھی کے بغیر علحدہ تلنگانہ ریاست ممکن نہیں تھی ۔ اسی دوران سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے نئی دہلی کے تلنگانہ بھون میں سونیا گاندھی کی سالگرہ منائی ۔ انہوں نے اس موقع پر کیک کاٹا۔ ہنمنت راؤ نے اس موقع پر 100 خواتین میں فی کس دو کیلو پیاز تقسیم کی۔ اس موقع پر ہنمنت راؤ نے کہا کہ سونیا گاندھی نے 2009ء میں اپنی سالگرہ کے موقع پر علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کا اعلان کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں خواتین پر مظالم کے واقعات میں اضافہ سے دلبرداشتہ ہوکر سونیا گاندھی نے سالگرہ منانے سے گریز کیا ہے۔ ہنمنت راؤ نے بتایا کہ پیاز کی قیمتوں میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے 100 غریب افراد میں پیاز تقسیم کی گئی۔ اس موقع پر رکن اسمبلی سیتکا اور دیگر قائدین موجود تھے۔