گاندھی بھون میں کانگریس قائدین کی جھڑپ سے ماحول کشیدہ

   

گریٹر انتخابات کے اجلاس میں افراتفری، اتم کمار ریڈی کی مداخلت
حیدرآباد۔اقتدار سے محرومی کے باوجود کانگریس قائدین کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ گاندھی بھون میں کوئی بھی اجلاس قائدین کے اختلافات کے بغیر ختم نہیں ہوتا اب جبکہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کی تیاریاں کی جارہی ہیں، کانگریس قائدین ایک دوسرے کے خلاف بے قابو ہوکر حملہ آور ہونے کے درپر ہیں۔ گاندھی بھون میں صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے گریٹر انتخابات کے سلسلہ میں آج سینئر قائدین کا اجلاس منعقد کیا تھا۔ اتم کمار ریڈی کی موجودگی میں اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر ڈی شراون اور سابق کارپوریٹر نرنجن کے درمیان جھڑپ ہوگئی۔جس سے اجلاس میں افراتفری کا ماحول پیداہوگیا۔ دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف ناشائستہ الفاظ کا استعمال کیا اور دونوں میں تصادم کی نوبت آگئی۔ اس مرحلہ پر اتم کمار ریڈی نے مداخلت کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں کیا۔ قائدین کی جھڑپ کے نتیجہ میں اجلاس کو عجلت میں ملتوی کرنا پڑا۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں کا تعلق ایک ہی علاقہ سے ہے اور ایک دوسرے کی برتری کیلئے مسابقت جاری ہے۔ ڈاکٹر شراون کی آج سالگرہ تھی اور انہیں اجلاس میں موجود کئی قائدین نے مبارکباد پیش کی لیکن کچھ ہی دیر میں ماحول کشیدہ ہوگیا۔ حال ہی میں غلام نبی آزاد کی موجودگی میں گاندھی بھون میں ہنمنت راؤ کے ساتھ دیگر قائدین کی جھڑپ ہوئی تھی۔ گاندھی بھون کانگریس قائدین کی زورآزمائی کے مرکز میں تبدیل ہوچکا ہے۔ اگر یہی صورتحال رہی تو گریٹر انتخابات کے نتائج کے بارے میں بخوبی اندازہ کیا جاسکتا ہے۔