گاندھی بھون میں کرسمس تقاریب، سینئر قائدین کی شرکت

   

اتم کمار ریڈی نے عیسائیوں کو مبارکباد پیش کی
حیدرآباد ۔ 24 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے آج گاندھی بھون میں کرسمس کیک کاٹا اور ریاست کے عیسائیوں کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے خازن جی نارائن ریڈی کے علاوہ رکن اسمبلی جگا ریڈی ، سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر اور سابق رکن اسمبلی سمپت کمار کے علاوہ دیگر قائدین نے کرسمس تقاریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نارائن ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی سیکولرازم پر ایقان رکھتی ہے اور تمام مذاہب کا احترام کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کے دیگر ممالک میں بسنے والے عیسائیوں کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی ۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی ، سابق صدر راہول گاندھی اور جنرل سکریٹری اے آئی سی سی پرینکا گاندھی کی جانب سے تلنگانہ کے عیسائیوں کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان بالخصوص تلنگانہ ہندو مسلم اتحاد اور قومی یکجہتی کیلئے مثال ہے ۔ نارائن ریڈی نے امید ظاہر کی کہ ملک میں قومی یکجہتی اور مذہبی رواداری کو استحکام حاصل ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ قومی یکجہتی کے فروغ میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ دیگر قائدین نے بھی عیسائیوں کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔ اسی دوران صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے عوام کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اپنے پیام میں کہا کہ کرسمس امن ، بھائی چارہ اور باہمی محبت کا پیام دیتا ہے ۔ ملک کے موجودہ حالات میں اس پیام کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔