گاندھی بھون میں یوم آزادی تقریب، اتم کمار ریڈی نے پرچم لہرایا

   

Ferty9 Clinic

تلنگانہ کی تشکیل کانگریس کا کارنامہ، مودی حکومت پر تنقید

حیدرآباد۔/15 اگسٹ، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں آج یوم آزادی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے پرچم کشائی انجام دی۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر قائدین کے جانا ریڈی، محمد علی شبیر، انجن کمار یادو، ڈاکٹر ملوروی، کسم کمار، جی نارائن ریڈی، این شاردا، ایم ششی دھر ریڈی، ایم کودنڈا ریڈی، کمار راؤ اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے تلنگانہ عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی اور مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجاہدین آزادی کی قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ آج ہم آزاد فضاء میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ نئے ہندوستان کے معمار پنڈت جواہر لعل نہرو کی تاریخ کو مسخ کرتے ہوئے پیش کیا جارہا ہے۔ عوام کے ذہنوں میں پنڈت جواہر لعل نہرو کے بارے میں غلط فہمیاں پیدا کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی میں 22 مرتبہ جیل کی صعوبتیں برداشت کرنے والی عظیم شخصیت کے خلاف بی جے پی قائدین نے پارلیمنٹ میں اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ پارلیمنٹ سیشن میں کئی ایسے بلز منظور کئے گئے جن سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا میں اکثریت کا فائدہ اٹھاکر بی جے پی نے کئی متنازعہ بلز کو منظوری دے دی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ پر بی جے پی تاریخ کو توڑ مروڑ کر پیش کررہی ہے جبکہ ملک کی عوام کشمیر کے ہندوستان میں الحاق کی تاریخ سے بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ تحریک کا ذکر کیا اور شہیدان تلنگانہ کو خراج پیش کیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ شہیدان تلنگانہ کی قربانیوں کے نتیجہ میں علحدہ ریاست قائم ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل سونیا گاندھی کی دین ہے لیکن ٹی آر ایس اور اس کے سربراہ اسے اپنا کارنامہ قرار دے رہے ہیں۔ صدر پردیش کانگریس نے بتایا کہ 20 اگسٹ کو راجیو گاندھی کی 75 ویں جینتی تقاریب تلنگانہ بھر میں بڑے پیمانہ پر منائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت عوامی مفادات کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے اور سیاسی ایجنڈہ کے تحت ایک خاندان حکمرانی کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے غیر قانونی فیصلوں پر عوام سبق سکھائیں گے۔