گاندھی بھون کے روبرو بجرنگ دل کا احتجاج

   

صورتحال کشیدہ‘ مہیلا کانگریس نے جوابی احتجاج کیا
حیدرآباد۔5۔مئی (سیاست نیوز) کانگریس ہیڈکوارٹر گاندھی بھون کے روبرو آج اس وقت ماحول کشیدہ ہوگیا جب بجرنگ دل کارکنوں نے احتجاج کرکے ہنومان چالیسہ پڑھنے کی کوشش کی ۔ کرناٹک الیکشن میں کانگریس نے انتخابی منشور میں بجرنگ دل پر پابندی کا وعدہ کیا جس کے بعد ملک کے کئی علاقوں میں کانگریس دفاتر کے روبرو بجرنگ دل نے احتجاج کیا۔ گاندھی بھون پر گزشتہ دو دنوں سے بجرنگ دل کارکن احتجاج کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہنومان چالیسہ پڑھنے کے اعلان کے بعد پولیس نے سخت سیکوریٹی انتظامات کئے اور گاندھی بھون کی گیٹ کو بند کردیا۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ گاندھی بھون میں مانک راؤ ٹھاکرے اور ریونت ریڈی کی موجودگی میں بجرنگ دل کارکن احتجاج کرسکتے ہیں۔ پولیس نے کارکنوں کو گاندھی بھون میں داخلہ سے روک دیا جس پر کانگریس کارکنوں کی پولیس سے بحث و تکرار ہوئی ۔ اسی دوران مہیلا کانگریس کی صدر سنیتا راؤ کی قیادت میں مہیلا کانگریس کارکنوں نے بجرنگ دل کے خلاف احتجاج منظم کیا۔ بجرنگ دل کارکنوں کی آمد کی صورت میں کانگریس کارکنوں کے ساتھ جھڑپ کے اندیشہ کو دیکھتے ہوئے پولیس نے انتظامات سخت کردیئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے گاندھی بھون کی طرف بڑھنے والے بجرنگ دل کے بعض کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ بی جے پی اور بجرنگ دل کے کارکن گاندھی بھون میں داخلہ کی کوشش کر رہے تھے۔ مہیلا کانگریس کارکنوں نے بجرنگ دل اور بی جے پی کے خلاف نعرہ بازی کی۔ر