حیدرآباد۔4 ۔اگست (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے گاندھی بھون کے قدیم ملازم محمد شبیر کے پسماندگان سے ملاقات کرتے ہوئے تعزیت پیش کی۔ کورونا کی دوسری لہر کے دوران گاندھی بھون کے انتہائی قدیم ملازم کا انتقال ہوگیا تھا ۔ پارٹی کی جانب سے شبیر کے پسماندگان کی ہر ممکن مدد کا فیصلہ کیا گیا ۔ ریونت ریڈی نے سابق ملازم کی بیوہ سے ملاقات کی اور انہیں دیڑھ لاکھ روپئے کی امدادی رقم حوالے کی ۔ ایک لاکھ روپئے سابق چیف منسٹر آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے افراد خاندان کی جانب سے سابق رکن راجیہ سبھا کے وی پی رام چندر راؤ نے فراہم کی ہے ۔ ریونت ریڈی نے اپنی جانب سے 50,000 روپئے امداد کی ۔ انہوں نے پسماندگان کو تیقن دیا کہ وہ آئندہ بھی اس خاندان کی ضروری مدد کریں گے ۔ بچوں کی تعلیم اور دیگر اخراجات کی تکمیل کیلئے پارٹی کی جانب سے تعاون کا یقین دلایا گیا ۔ اس موقع پر پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ انجن کمار یادو ، مہیش کمار گوڑ ، ملو روی اور دیگر قائدین موجود تھے۔