نئی دہلی ۔ 9 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی پارٹی بی جے پی کے تمام ارکان پارلیمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ 2 اکتوبر اور 31 اکتوبر کو بالترتیب مہاتما گاندھی اور سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش کے ضمن میں اپنے متعلقہ حلقوں میں پدیاترا کرتے ہوئے 150 کیلومیٹر کا احاطہ کریں۔ وزیر پارلیمانی اُمور پرہلاد جوشی نے منگل کو یہ اطلاع دیتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم مودی نے بی جے پی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راجیہ سبھا کے ارکان سے کہا تھا کہ وہ ایسے حلقوں میں دورہ کریں جہاں بی جے پی تنظیمی اعتبار سے کمزور ہے ۔ جوشی نے کہا کہ یاتراؤں کے دوران دیہاتوں کے احیاء ، انھیں خودمکتفی بنانے ، شجرکاری مہم اور صفر بجٹ (مصارف سے پاک و آزاد زراعت ) پر توجہ مرکوز کی جائے گی ۔