بزم صدف نئی دہلی کے جشن مسرت کے موقع پر عالمی مشاعرہ اور ویبنار میں مقررین کے تاثرات
نئی دہلی؍دوحہ : موجودہ دور میں گاندھی جی کی اہمیت و ضرورت کا احساس کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ گاندھی جی کے نظریہ عدم تشدد کو اپنی زندگی میں اپناکر دنیا میں امن و امان قائم کیا جاسکتا ہے ۔ یہ بات مقررین نے گاندھی جی کی سالگرہ کے موقع پر بزم صدف انٹرنیشنل کے اشتراک سے منعقدہ جشن مسرت ویکلی عالمی مشاعرہ اور ویبنار میں کہی۔بزم صدف انٹرنیشنل کے چیرمین شہاب الدین نے کہاکہ جس سماج میں عام آدمی کی زندگی مشکلوں سے گزر رہی ہو، امن اور سالمیت کو خطرات درپیش ہوں،کمزور طبقات،دلت اور عورتوں کے لئے عرصہ حیات تنگ ہو، اس دور میں گاندھی جی کو یا د کرنا ان کے یوم پیدائش میں محفل پربا کرنا ایسا ہی ہے کہ آپ نے گھٹاٹوپ اندھیرے میں ایک چراغ جلایاہے ۔ گاندھی کے نام پر حکومت کرنے والوں نے انہیں بھلادیا اور گاندھی جی کے کارناموں کو کوڑے دان میں پھینک دیا۔انہوں نے ہندوستان کی صورت حال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ انصاف اور امن امان کا جنازہ نکل رہا ہے ۔ امریکہ سے لیکر دہلی اور ہاتھرسے بلرام پور، فیض آباد، اجودھیا، ہر جگہ جس کی لاٹھی اسی کی بھینس کا فارمولا نظر آرہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس لئے ہمیں گاندھی جی یاد آتے ہیں انہوں نے کہا تھا کہ جب تم کسی فیصلے کے درمیان پس و پیش میں متبلا ہورہے تو بس اتنا سوچو کہ تمہارا فیصلہ سماج کے آخری آدمی کے خلاف تو نہیں ہے ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ آج فلاح وبہبود کے لئے قائم جمہوری حکومتوں کا حقیقی مقصد یہی ہوگیا ہے کہ وہ سماج کے آخری آدمی کو صفحہ ہستی سے مٹادیں۔گاندھی کے ملک میں گاندھی سے دشمنی چل رہی ہے ۔مشہور شاعر باصر سلطان کاظمی نے اس موقع گاندھی جی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ برصغیر میں دوچار اہم شخصیات میں گاندھی جی کانام سرفہرست ہے ۔