گاندھی خاندان کو جیل میں دیکھنا چاہتا ہوں

   

خصوصی مراعات کی فراہمی پر سوال ۔ سبرامنین سوامی
نئی دہلی 3 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر بی جے پی لیڈر سبرامنین سوامی نے راجیہ سبھا میں سوال کیا کہ گاندھی خاندان کو ایس پی جی سکیوریٹی کیوں دی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ دستور سب کیلئے ایک ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ یہ خاندان کرپشن کے الزام میں جیل چلا جائے ۔ ایس پی جی ( ترمیمی ) بل کا خیر مقدم کرتے ہوئے سبرامنین سوامی نے کہا کہ سابق وزرائے اعظم اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے قاتلوں کا سکیوریٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دستور مساوات کے اصول گاندھی خاندان پر بھی لاگو ہوتے ہیں۔ ان کیلئے کوئی علیحدہ دستور نہیں ہوسکتا ۔ دستور سب پر لاگو ہوتا ہے ۔ گاندھی خاندان کو مراعات پر سوال کرتے ہوئے انہوں نے ریمارک کیا کہ ہم چاہتے ہیں کہ گاندھی خاندان کے ارکان زندہ رہیں کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ انہیں کرپشن کے الزام میں جیل جاتا دیکھیں۔ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے قتل کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کا سکیوریٹی کوتاہی سے کوئی تعلق نہیں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی کے معاملہ میں انٹلی جنس نے رپورٹ دی تھی کہ دو سکیوریٹی گارڈز مشکوک ہیں اور ان کا تبادلہ کیا جانا چاہئے ۔ انہیں گارڈز نے اندرا گاندھی کو ان کے ہی گھر میں ہلاک کردیا اور یہ سب کچھ ریکارڈ میں موجود ہے ۔ سوامی نے کہا کہ کئی تحقیقاتی کمیشنوں نے بھی اپنی رپورٹس میں یہ بات واضح کی ہے اور ریکارڈز میں موجود ہے ۔ یہ ریکارڈ ایوان میں بھی پیش کیا جاچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی کا قتل بھی کسی سکیوریٹی کوتاہی یا لاپرواہی کی وجہ سے نہیں ہوا ہے ۔