نئی دہلی۔ 19 نومبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) اپوزیشن پارٹی کانگریس اور دراوڑ منتر کشگم (ڈی ایم کے ) نے گاندھی خاندان کے ارکان کی سیکورٹی میں تخفیف کا معاملہ منگل کو لوک سبھا میں اٹھایا اور بعد میں ایوان سے واک آؤٹ کیا۔کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے وقفہ صفر میں یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ گاندھی خاندان کے ارکان کی جان خطرے میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی معمولی سکیورٹی کے حامل شخص نہیں ہیں۔ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی پر دہشت گردانہ حملہ کے بعد تمام سابق وزرائے اعظم اور ان کے خاندانوں کو ایس پی جی سیکورٹی دی گئی تھی ۔ چودھری نے کہا کہ دہشت گردانہ حملہ میں مسٹر راجیو گاندھی کی موت کے بعد 1991 ء سے سال 2019 ء تک گاندھی خاندان کو باقاعدگی سے ایس پی جی سیکورٹی حاصل تھی۔ اس دوران دو بار این ڈی اے کی بھی حکومت رہی، لیکن گاندھی خاندان کی سیکورٹی کم نہیں کی گئی۔