گاندھی میدان پٹنہ پر آج کانگریس کی ریلی ‘ راہول کا خطاب

,

   

پٹنہ 2 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس صدر راہول گاندھی اتوار کو پٹنہ میں ایک ریلی سے خطاب کرینگے ۔ گذشتہ تین دہوں میں پٹنہ کے گاندھی میدان میں کانگریس کی یہ پہلی ریلی ہوگی ۔ کانگریس کی ریاستی یونٹ کو 1990 کی دہائی میں منڈل کمیشن کے بعد سے زیادہ اہمیت حاصل نہیں رہی ہے اور اس کی طاقت بھی کم ہوگئی تھی ۔ تاہم پارٹی کی ریاستی یونٹ اب اپنی حالت میں تبدیلی لانا چاہتی ہے اور وہ اس ریلی کو کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن جدوجہد کر رہی ہے ۔ بہار کانگریس امور کے نگران پارٹی جنرل سکریٹری شکتی سنہہ گوہل نے آج کہا کہ اس ریلی کیلئے اتحادی قائدین جیسے تیجسوی یادو ‘ اوپیندر کشواہا اور جیتن رام مانجھی کو دعوت نامے روانہ کردئے گئے ہیں۔ جیتن رام مانجھی نے اس ریلی میں شرکت کی توثیق بھی کردی ہے ۔ ابھی یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ اوپیندر کشواہا اس ریلی میں شرکت کر پائیں گے یا نہیں کیونکہ آج ایک احتجاج کے دوران پولیس کے ساتھ جھڑپ میں وہ زخمی ہوگئے ہیں۔ ریاست میں کانگریس مہا گٹھ بندھن کا حصہ ہے جس میں راشٹریہ جنتادل ‘آر ایل ایس پی اور ایچ اے ایم جیسی جماعتیں شامل ہیں۔ ریلی میں شرکت کے تعلق سے تاہم راشٹریہ جنتادل کے لیڈر تیجسوی یادو نے ابھی کوئی اعلان نہیں کیا ہے ۔ بہار پردیش کانگریس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قائدین نے کم از کم 400 جلسے ریاست بھر میں منعقد کئے ہیں تاکہ پارٹی ریلی کو کامیاب بنایا جاسکے ۔ کانگریس پارٹی اس ریلی کے ذریعہ ریاست میں اپنی لوک سبھا انتخابات کی مہم شروع کرنا چاہتی ہے ۔