گاندھی ہاسپٹل آوٹ سورس ملازمین کی ہڑتال ختم

   

حیدرآباد ۔ سرکاری گاندھی ہاسپٹل میں آوٹ سورس ملازمین نے اپنی غیر معینہ مدت کی ہڑتال کل رات دیر گئے ختم کردی جبکہ تلنگانہ حکومت نے ان کی مطالبات کی یکسوئی کا تیقن دیا ہے ۔محکمہ صحت کے عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کے بعد آوٹ سورس ملازمین بشمول صفائی ورکرس اور سکیوریٹی گارڈز نے اپنی ہڑتال ختم کردی ۔ یہ لوگ کئی دن سے ہڑتال کر رہے تھے ۔ احتجاج کرنے والی نرسیس کو تیقن دیا گیا کہ ان کی تنخواہیں 17,500 روپئے سے بڑھا کر 25,000 روپئے کردی جائںے گی جبکہ کووڈ 19 وارڈ میں کام کرنے والی نرسوں کو یومیہ 750 روپئے بھتہ بھی دیا جائیگا ۔ عہدیداروں نے درجہ چہارم کے ملازمین کو یومیہ 300 روپئے انسنٹیو دینے کا بھی وعدہ کیا ہے ۔ اس کے علاوہ انہیں مہینے میں صرف 15 دن کام کرنے کی سہولت بھی دی جائیگی ۔ اس تیقن کے بعد اسٹاف نے اعلان کیا کہ وہ اپنی ہڑتال ختم کر رہے ہیں۔