فیورہاسپٹل اور کھمم کے دواخانہ میں بھی مریضوں کی خدمات مصروف کورونا واریئرس کے جذبہ کا اعتراف
حیدرآباد۔ 3؍ مئی ( این ایس ایس ) ہندوستانی فوج میں ملک بھر میں زیر علاج کورونا وائرس کے مریضوں کی خدمت میں مصروف ڈاکٹروں اور طبی عملہ کی انتھک مساعی اور جذبہ کی ستائش کے طور پر خیرسگالی مظاہرہ کرتے ہوئے ان پر گلاب کے پھول برسائے ۔ مرکز کی ہدایات کے مطابق فوج میں انڈین ایر فورس کے طیاروں اور ہیلی کاپٹرس کے ذریعہ مختلف شہروں میں ’کورونا واریئرس‘ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے پھول برسائے ۔ تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں فوجی عہدیداروں نے ایک ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا اور گاندھی ہاسپٹل پرپرواز کے دوران ڈاکٹرس اور طبی عملہ پر گلاب کی پنکھڑیوں کی بارش کی ۔ فوجی عہدیدار کورونا مریضوں کے علاج مصروف ڈاکٹروں کی خدمات کا اعتراف کر رہے تھے اس موقع پر ڈاکٹرس ‘ نرسیس اور دیگر ارکان عملہ نے پورے فخر کے ساتھ ہاتھ لہراتے ہوئے فتح کا نشان دکھایا ۔ پولیس نے اس دواخانہ پر پہرہ دیا ۔ نلہ کنٹہ کے فیور ہاسپٹل میں بھی فوجی ہیلی کاپٹرس سے ڈاکٹرس اور نرسیس پر پھول برسائے گئے ۔ حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار نے کورونا واریئرس کے طور پر شب و روز خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرس اور نرسیس کے جذبہ کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ فوج ہندوستان کی سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے ‘ ڈاکٹرس اور طبی عملہ عوام کی صحت کی حفاظت کرتے ہیں اور پولیس عوام کی حفاظت کرتی ہے ۔ کھمم ہاسپٹل پر بھی فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ عہدیداروں نے ڈاکٹرس اور طبی عملہ پر پھول برسائے ۔