گاندھی ہاسپٹل میںاندرون 15 گھنٹے 35 اموات

   

مرنے والوں میں 19 مرد اور 16 خواتین، کورونا سے متاثر مزید 308 افراد زیر علاج
حیدرآباد ۔ کورونا متاثرین کا علاج کرنے والے گاندھی ہاسپٹل میں پیر کی رات 10 بجے سے منگل کی دوپہر تک صرف 15 گھنٹوں کے دوران 35 اموات ہوئی ہیں۔ مزید کئی لوگ زندگی اور موت کے درمیان کشمکش میں مبتلا ہیں۔ کورونا سے متاثر ہونے والوں کی حد سے زیادہ خود اعتمادی اور مجرمانہ غفلت کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ حالت بد سے بدتر ہو جانے کے بعد آخری لمحہ میں ہاسپٹل پہنچنے کی وجہ سے اموات ہو رہی ہیں۔ خانگی ہاسپٹلس میں لاکھوں روپے خرچ کرکے وینٹی لیٹر پر پہنچنے کے بعد مریضوں کو گاندھی ہاسپٹل سے رجوع کیا جارہا ہے۔ مختلف امراض کا شکار افراد جو کورونا سے بھی متاثر ہوئے ہیں ان کا چند ہاسپٹلس کا علاج کرنے سے انکار کررہے ہیں۔ کئی ہاسپٹلس کا چکر کاٹنے کے بعد ایسے مریض گاندھی ہاسپٹل سے رجوع ہو رہے ہیں۔ ان ہی وجوہات کے باعث گاندھی ہاسپٹل میں مرنے والوں کی تعداد زیادہ ہو رہی ہے۔ 15 گھنٹے میں جن 35 لوگوں کی اموات ہوئی ہے ان میں 9 افراد کی عمر اندرون 45 سال ہے۔ ماباقی افراد کی عمر 46 تا 83 سال کے درمیان ہے۔ 35 اموات میں 16 خواتین اور 19 مرد شامل ہیں۔ فی الحال گاندھی ہاسپٹل میں 308 کورونا متاثرین زیر علاج ہیں۔