دواخانہ میں 10,128 مریضوں کو شریک کیا گیا ۔ 202 اموات۔ عہدیدار کا بیان
حیدرآباد ۔ گاندھی ہاسپٹل نے اب تک دواخانہ میں جملہ 10,205 کرونا معائنے کئے ہیں اور یہاں اب تک جملہ 10,128 مریضوں کو شریک کیا گیا ہے ۔ ان میں مشتبہ کیس بھی شامل ہیں۔ دواخانہ کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ اس دواخانہ کو ریاستی حکومت کی جانب سے کورونا پازیٹیو کیسوں کے علاج کا مرکز بنایا گیا ہے اور یہاں اب تک کورونا پازیٹیو کے 4,056 مریض شریک کئے گئے ہیں۔ عہدیدار نے بتایا کہ اب تک دواخانہ سے 3,423 مریض صحتیاب ہوئے ہیںاور ڈسچارج کرئے گئے ہیں۔ عہدیدار نے بتایا کہ اب تک دواخانہ میں 202 افراد کی موت واقع ہوئی ہے ۔ پیر تک ساری ریاست میں کورونا وائرس کے جملہ متاثرین کی تعداد 8,674 ہوگئی تھی جبکہ 4,452 مریض مختلف دواخانوں میں زیر علاج تھے ۔ اس دوران ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے آج خانگی ڈیاگنوسٹک مراکز کے ذمہ داران کے ستھ ایک اجلاس بھی منعقد کیا اور ان سے کہا کہ کورونا معائنوں کے معاملے میں ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ رہنما خطوط پر سختی سے عمل آوری کریں۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ کورونا معائنوں کو دولت کمانے کا ذریعہ نہیں بنایا جانا چاہئے ۔ جن ڈیاگنوسٹک مراکز کو کورونا معائنوں کی اجازت دی گئی ہے انہیں ہدایت دی گئی کہ وہ پازیٹیو مریضوں کی تفصیلات سے حکومت ک واقف کروائیں تاکہ ان سے رابطے میں آنے والوں کا پتہ چلایا جاسکے اور ان کے علاج کے طریقہ کار کا تعین بھی کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آبادی 130 کروڑ ہے اوار تمام افراد کا معائنہ کرنا ممکن نہیںہے ۔ اس دوران تلنگانہ سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس اسوسی ایشن نے کہا کہ عوام کو کورونا پر خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ جن مریضوں میں علامات نہیں ہیں یا پھر معمولی علامات ظاہر ہو رہی ہیں انہیں دواخانوں میںشریک ہونے کی بجائے گھر پر علاج کروانا چاہئے اور یہ سستا طریقہ کار بھی ہے ۔