کورونا کی دوسری لہر شدت اختیار کرنے کے بعد 15 اپریل سے صرف کورونا کا علاج کیا جارہا تھا
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : سکندرآباد کے گاندھی ہاسپٹل میں 3 اگست سے تمام اقسام کی طبی خدمات بحال کی جارہی ہیں ۔ ریاست میں کورونا کے کیسیس میں کمی واقع ہونے کے بعد محکمہ صحت کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ریاست میں کورونا کی دوسری لہر شدت اختیار کرنے کے بعد 15 اپریل سے گاندھی ہاسپٹل کو صرف کورونا متاثرین کے علاج کے لیے مختص کردیا گیا تھا ۔ آوٹ پیشنٹ اور ان پیشنٹ کی خدمات اور سرجریز کو روک دینے کے حکومت کی جانب سے احکامات جاری کئے گئے تھے جس سے مہینوں عام طبی سہولتیں دستیاب نہ ہونے سے مریض پریشان تھے ۔ ریاست میں فی الحال کورونا کی صورتحال کنٹرول میں رہنے کی وجہ سے محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں نے طویل مشاورت کے بعد گاندھی ہاسپٹل میں تمام طبی سہولتیں دستیاب رکھنے کی منظوری دی گئی ہے ۔ گاندھی ہاسپٹل میں سوائے کورونا علاج کے دوسری سہولتیں دستیاب نہ ہونے پر مریض پریشان تھے جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے 3 اگست سے گاندھی ہاسپٹل میں ان پیشنٹ آوٹ پیشنٹ خدمات کے علاوہ سرجریز بحال کی جارہی ہے ۔ اس سلسلہ میں محکمہ صحت نے احکامات بھی جاری کردئیے ہیں ۔۔
