گاندھی ہاسپٹل میں بد انتظامی آر ایم او کا تبادلہ

   

حیدرآباد/12 جون ( سیاست نیوز) کورونا مریضوں کا کیلئے مختص گاندھی ہاسپٹل کے آر ایم او ڈاکٹر کا حکومت نے تبادلہ کردیا ہے۔ کورونا مریضوں کی نعشوں کو غیر متعلقہ افراد کے حوالے کرنے اور دواخانہ میں صفائی کے ناقص انتظامات کے سبب یہ تبادلہ کئے جانے کی اطلاع ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ آر ایم او ۔ I ڈاکٹر جیا کرشنا کو عثمانیہ دواخانہ میں تبادلہ کردیا گیا اور ان کے مقام پر ڈاکٹر شیشادری کو متعین کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دو دن قبل مہدی پٹنم سے تعلق رکھنے والے کورونا مریض راشد علی خاں کی نعش کو غیر متعلقہ افراد کے حوالے کردیا گیا تھا اور ان کی بالا پور قبرستان میں تدفین کی گئی۔ نعش لاپتہ پر متوفی کے افراد خاندان اور مجلس بچاؤ تحریک ترجمان امجد اللہ خان خالد نے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا تھا جس کے پیش نظر آج آر ایم او کا تبادلہ کردیا گیا۔