گاندھی ہاسپٹل میں معطل شدہ سی ایم او کی خودکشی کا ڈرامہ

   

پولیس نے بروقت پہونچ کر وسنت کمار پر قابو پالیا
حیدرآباد 11 فروری (سیاست نیوز) گاندھی ہاسپٹل کے معطل شدہ چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او) وسنت کمار کی جانب سے خودکشی کی کوشش سے پیدا شدہ سنسنی خیز مسئلہ خوشگوار انداز میں حل کرلیا گیا جب پولیس نے حاضر دماغی سے کام کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے پٹرول کی بوتلوں کو اپنے قبضہ میں لیتے ہوئے تحویل میں دیدیا۔ وسنت کمار کو کورونا وائرس کے مشتبہ مریض کی موجودگی کے بارے میں غلط اور بے بنیاد اطلاعات پر مبنی مہم چلانے کے الزام پر معطل کردیا گیا تھا۔ ریاستی حکومت نے ہفتہ کو ان کی معطی کے احکام جاری کئے تھے لیکن وسنت کمار کو پیر کے روز اپنی معطلی کا پتہ چلا جب اُنھوں نے اپنے میلس دیکھا تھا۔ جس کے ساتھ ہی وہ اپنے افسران بالا سے ربط پیدا کرنے لگے لیکن کوئی جواب پانے میں ناکام ہوگئے۔ ڈاکٹر وسنت کمار نے وزیر صحت ای راجندر سے بھی ربط کیا لیکن معطلی کے احکام کی منسوخی کے بارے میں مثبت جواب نہیں مل سکا۔ چنانچہ ڈاکٹر وسنت کمار نے خودکشی کی ٹھان لی۔ اس ارادہ کے ساتھ پٹرول کی دو بوتلیں لے کر گاندھی ہاسپٹل پہونچے اور ایک گھنٹہ تک ڈرامائی انداز میں چیخ و پکار کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ گاندھی ہاسپٹل میں رشوت ستانی کے کئی اسکامس ہیں لیکن پولیس وہاں پہونچ گئی اور آہستگی کے ساتھ ان پر قابو پالیا۔