گاندھی ہاسپٹل میں ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے ڈاکٹر کی موت

   

حیدرآباد 17 نومبر ( یو این آئی ) شہرحیدرآباد کے مشہور گاندھی ہاسپٹل میں ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے نوجوان ڈاکٹر کی موت واقع ہوگئی۔بدھ کی صبح اچانک پیش آئے اس واقعہ نے ہاسپٹل کے اسٹاف کے ساتھ ساتھ اس ڈاکٹر کے ساتھیوں کو غمزدہ کردیا۔اس ڈاکٹر کی شناخت 28سالہ ڈاکٹر پورنا چندرکے طورپر کی گئی ہے ۔اس نے حال ہی میں جنرل سرجری میں سینئر ریزیڈنسی کی تکمیل کی تھی۔وہ بدھ کی صبح ہاسپٹل کی چوتھی منزل پر ڈیوٹی کررہا تھا کہ اچانک دل کا دورہ پڑنے سے وہ گرپڑا۔اس کو ہاسپٹل کے ہی ایمرجنسی شعبہ کو منتقل کیاگیا جہاں اس کو بچانے کی کوشش کی گئی تاہم تمام کوششیں رائیگاں ثابت ہوئیں۔گاندھی ہاسپٹل اورعثمانیہ ہاسپٹل کے جونیر ڈاکٹرس کے مطابق پورناچندرنے منگل کی صبح سینہ میں درد کی شکایت کی۔اس نے کچھ گولیاں بھی لیں اور بدھ کو وہ ڈیوٹی کررہا تھا کہ یہ واقعہ پیش آیا۔