تمام انتظامات مکمل ، مرکزی حکومت سے اجازت بھی حاصل
حیدرآباد /30 جنوری ( سیاست نیوز ) ریاستی محکمہ صحت و طبابت نے ’’ کرونا وائرس ‘‘ کے ثابت ہونے سے متعلق ٹسٹس کرنے کیلئے گاندھی ہاسپٹل میں تمام تر انتظامات کی تیاری مکمل کرلی ہے ۔ جبکہ اب تک کرونا وائرس کے ٹسٹس صرف پونا ( مہاراشٹرا ) میں ہی انجام دئے جارہے ہیں اور ان ٹسٹلوں کیلئے خون کے نمونے بذریعہ طیارہ کورئیر سے روانہ کئے جارہے ہیں ۔ جس کی وجہ سے ٹسٹس رپورٹس حاصل ہونے کیلئے زائد از 24 گھنٹے درکار ہو رہے ہیں ۔ جس کے پیش نظر اب یہ مشکلات پیش نہ آنے کیلئے گاندھی ہاسپٹل میں ہی کرونا وائرس کے تمام ٹسٹس انجام دینے کا گاندھی ہاسپٹل میڈیکل ٹیم نے فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں خود مرکزی حکومت نے بھی اجازت دے دی ہے ۔ ریاستی محکمہ صحت و طبابت کے عہدیداروں نے بتایا کہ گاندھی ہاسپٹل میں پائے جانے والے ’’ وائرالوجی لیاب‘‘ میں کرونا وائرس کے ٹسٹس کرنے کی سہولت فراہم ہے اور یہی لیاب کرونا وائرس کے ٹسٹس کرنے کیلئے انتہائی مناسب ہے ۔ اس طرح کرونا وائرس انسدادی کٹس فراہم کرنے کی وزیر صحت و طبابت مسٹر ای راجندر نے مرکزی حکومت سے پرزور خواہش کی اور بتایا کہ ضرورت پڑنے پر فیور ہاسپٹل میں کرونا وائرس ٹسٹس کرنے کی گنجائش و سہولت فراہم پائی جاتی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ دس دن کے دوران ہی کرونا وائرس ٹسٹس کا آغاز کردیا جائے گا ۔ کیونکہ مرکزی حکومت نے ملک بھر میں صرف دس مقامات پر ہی کرونا وائرس ٹسٹس کرنے کیلئے اجازت دی ہے ۔ جس میں گاندھی ہاسپٹل حیدرآباد بھی شامل ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ پائے جانے والے مشتبہ افراد کو دو مرتبہ ٹرسٹس کرنے کا مرکزی حکومت نے فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں مرکزی حکومت نے ریاست تلنگانہ کو رہنمایانہ خطوط فراہم کئے ہیں ۔ ایک مرتبہ خون کا معائنہ کرنے کے بعد اس معائنہ میں منفی رپورٹ آنے پر بھی 48 گھنٹوں بعد پھر ایک مرتبہ ٹسٹس کرنے کا مشورہ دیا گیا ۔ جس کی وجہ سے مکمل طور پر واضح رپورٹ حاصل ہوسکتی ہے ۔ ریاستی محکمہ صحت و طبابت کے ذرائع نے بتایا کہ اب تک تلنگانہ میں 10 افراد کے کرونا وائرس سے متاثر رہنے والے مشتبہ دس افراد فیور ہاسپٹل سے رجوع ہوئے ہیں ۔ جن کے منجملہ پانچ مشتبہ افراد میں کرونا وائرس کی کوئی علامت نہیں پائی گئیں ۔ جبکہ ماباقی پانچ مشتبہ متاثرہ افراد کے خون کا ٹسسٹ کرنے کیلئے نمونے پونا کو روانہ کئے گئے اور ان نمونوں کے ٹسٹس رپورٹس حاصل ہوں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ جن پانچ افراد کے خون کے نمونے پونا روانہ کئے گئے ہیں ان پانچ افراد میں تین افراد چین کے پوہان سے براہ ہانگ کانگ ہندوستان واپس ہوئے ہیں ۔