گاندھی ہاسپٹل میں کورونا بستروں میں اضافہ

   

حیدرآباد۔ گاندھی ہاسپٹل میں کورونا کے بستروں میں اضافہ کے اقدامات کو تیز کردیا گیا ہے اور آئندہ دو یوم میں 500 بستروں کو کورونا کے مریضوں کیلئے مخصوص کرنے اقدامات کئے جاچکے ہیں۔شہر میں کورونا مریضوں کی تعدادمیں اضافہ کو دیکھتے ہوئے محکمہ صحت سے اعلان کیا گیا تھا کہ سرکاری دواخانوں میں بستروں کی تعداد میں اضافہ کے علاوہ خانگی دواخانوں میں 50 فیصد بستروں کو حاصل کرنے اقدامات کئے جائیں گے لیکن تلنگانہ کے بیشتر دواخانوں میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے محکمہ صحت کے عہدیداروں نے فیصلہ کیا ہے کہ گاندھی ہاسپٹل میں موجود ان تمام آئی سی یو بستروں کو کارکرد بنایا جائے اور جو وینٹیلیٹرس سے مربوط ہیں انہیں بھی فوری کارکرد بنایا جائے ۔ شہر میں مریضوں کی تعداد پر قابو پانے کے علاوہ ان کو مزید بہتر علاج کی فراہمی کیلئے حکومت کی ہدایات کے مطابق گاندھی ہاسپٹل کے علاوہ کنگ کوٹھی اور ٹمس میں بستروں کے علاوہ عملہ کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے ۔ ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے بتایا کہ تلنگانہ میں حکومت کے اقدامات میں سرکاری دواخانوں کو بہتر بنانے کے ساتھ دواخانوں میں سہولتوں کو بہتر بنانے اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ گاندھی ‘ عثمانیہ ‘ نیلوفر‘ کنگ کوٹھی اور تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں نیم طبی عملہ کے کنٹراکٹ تقررات کو منظوری دی گئی ہے اورکہا جا رہا ہے کہ تمام اضلاع میں ضلع ہاسپٹل کی خدمات کو بہتر بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ جونئیر ڈاکٹرس اور سینیئر کنسلٹنٹس سے شکایات کی جا رہی ہیںکہ سرکاری دواخانوں میں موجود نیم طبی عملہ ناکافی ہے جس کی وجہ سے نہ صرف طبی عملہ بلکہ مریضوںکو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اسی لئے ضروری ہے کہ نیم طبی عملہ کے تقررات کو لازمی قرار دیا جانے لگا ہے۔