گاندھی ہاسپٹل میں کورونا سے صحت یاب 10 ضعیف افراد سے اپنوں کی بے تعلقی

   

ارکان خاندان کی بے اعتنائی ، تقریباً 20 نعشیں مردہ خانہ میں محفوظ
حیدرآباد :۔ کورونا سے صحت یاب ہونے والے ضعیف افراد کو ان کے بچے گھر لیجانے کے لیے تیار نہیں ہے ۔ گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ میں 15 تا 20 نعشیں اپنوں کا انتظار کررہی ہیں ۔ کورونا کے خوف اور دہشت نے تمام حدود پار کردیا ہے ۔ خونی رشتے بھی اپنوں کو قبول کرنے سے گھبرا رہے ہیں ۔ گاندھی ہاسپٹل میں ایسے 10 سے زیادہ ضعیف افراد ہیں جو کورونا سے مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں اور ہاسپٹل کی جانب سے انہیں ڈسچارج بھی کردیا گیا ہے ۔ لیکن اپنوں کی غفلت اور لاپرواہی سے انہیں باقی دن ارکان خاندان کے ساتھ ہنستے کھیلتے گذارنے کے بجائے موت کے انتظار میں ہاسپٹل میں دن گنتے گذارنے کے لیے مجبور ہونا پڑرہا ہے ۔ جس کی وجہ سے چند ضعیف افراد کورونا سے جنگ جیتنے کے بعد اپنوں کے محبت کی جنگ میں شکست سے دوچار ہوچکے ہیں اور اپنے گھر والوں کے انتظار میں ہاسپٹل میں دم توڑ رہے ہیں ۔ ایسی 15 تا 20 نعشیں گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ میں محفوظ ہیں ۔ گاندھی ہاسپٹل کے انتظامیہ کی جانب سے کورونا سے صحت یاب ہونے والے ضعیف افراد کے ارکان خاندان کو ٹیلی فون کر کے انہیں گھر لیجانے کا مشورہ دیا گیا ۔ جس کے بعد بھی خاندان کے کسی فرد نے ہاسپٹل پہونچنے کی زحمت نہیں کی ۔ ایک 75 سالہ ضعیف شخص ایک ہفتہ قبل گاندھی ہاسپٹل میں شریک ہوا اور 4 دن میں وہ کورونا سے صحت یاب ہوگیا ۔ ارکان خاندان کو اس کی اطلاع دی گئی مگر کسی نے کوئی اہمیت نہیں دی ۔ دوسری مرتبہ فون کرنے پر ارکان خاندان فون سوچ آف کردئیے ۔ اپنوں کا انتظار کرتے ہوئے ضعیف شخص ہاسپٹل میں دم توڑ دیا ۔ 10 ضعیف افراد صحت یاب ہونے کے بعد اپنوں کا انتظار کررہے ہیں ۔ دوسری طرف تقریبا 20 نعشیں مردہ خانہ میں محفوظ ہیں ۔ کوویڈ 19 کے نوڈل آفیسر ڈاکٹر پربھاکر ریڈی نے بتایا کہ صحت یاب ہونے کے بعد اگر ایسے افراد فوت ہوتے ہیں تو اس کی ذمہ داری ارکان خاندان پر عائد ہوگی ۔۔