حیدرآباد۔/5مئی، ( سیاست نیوز) شہر کے گاندھی جنرل ہاسپٹل میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کو روزہ رکھنے کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی طبی حالت اور ان کی کونسلنگ کے بعد انہیں ڈاکٹرس کے مشورے دیئے جارہے ہیں۔ مریضوں کی مرضی اور خواہش پر انہیں روزہ رکھنے کی اجازت دی جارہی ہے اور روزہ دار مریضوں کیلئے باضابطہ سحر اور افطار کا انتظام بھی کیا جارہا ہے۔ نمائندہ سیاست کی جانب سے آج گاندھی ہاسپٹل میں مریضوں کے حالات اور ان کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس دوران تلنگانہ جونیر ڈاکٹرس اسوسی ایشن کے سکریٹری ڈاکٹر مظہر حسین جنیدی نے بتایا کہ مریضوں کے ساتھ انتہائی بہترین سلوک کیا جارہا ہے اور تقریباً140 افراد جو روزہ رکھنے کے خواہشمند ہیں انہیں اسلامی طریقہ سے تمام تر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور سحر اور افطار کے اوقات کو مدنظر رکھتے ہوئے احترام کے ساتھ سحری اور افطار کا انتظام کیا جارہا ہے۔ روزہ رکھنے کے خواہشمند مریضوں کی طبی جانچ اور ان کی جسمانی صلاحیت اور طاقت کی جانچ کے بعد انہیں اجازت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد کے 9 مریض فی الحال گاندھی ہاسپٹل میں زیر علاج ہیںجن کے نتیجے مثبت ہیں جبکہ ایک سے دو مرتبہ ٹسٹ کرنے کے بعد منفی رپورٹ حاصل ہونے پر مریض کو ڈسچارج کیا جاتا ہے جبکہ اگر ایک بھی رپورٹ منفی آتی ہے تو پھر اس مریض کی اگلی رپورٹ تک مزید ایک ہفتہ انہیںآئسولیشن میں رکھنا لازمی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مریض کے ساتھ کوئی امتیاز یا جبراً اسے ہاسپٹل میں روکا نہیں جاسکتا بلکہ احتیاطی اقدامات کے طور پرسختی کو جانبداری قرار نہیں دینا چاہیئے۔ گاندھی ہاسپٹل میں کُل 450 کورونا وائرس کے مریض ہیں جنہیں چھٹویں فلور پر پلاسٹک سرجری وارڈ میں رکھا گیا ہے۔
