گاندھی ہاسپٹل میں200 بستروں کے مدر اینڈ چائیلڈ کیئر سنٹر کا قیام

   

بہتر طبی سہولتوں میں حیدرآباد سرفہرست، وزیر صحت ہریش راؤ کا دعویٰ
حیدرآباد۔/11 جون، ( سیاست نیوز) وزیر صحت ہریش راؤ نے کہا کہ گاندھی ہاسپٹل کے کیمپس میں 200 بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائیلڈ ہیلت سنٹر کا جولائی میں افتتاح عمل میں آئے گا۔ 55 کروڑ کے مصارف سے یہ سنٹر تیار کیا گیا ہے جس کے تحت حیدرآباد اور اس کے اطراف مدر اینڈ چائیلڈ کیر کے 600 سوپر اسپیشالیٹی بیڈس کے قیام کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حاملہ خواتین کو سرکاری دواخانوں میں بہتر علاج کی سہولتوں اور حمل کے دوران خواتین کے فوت ہونے کے واقعات کی روک تھام بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمس، گاندھی اور الوال میں قائم ہونے والے سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل میں فی کس 200 بیڈس فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں ڈیلیوریز کی شرح میں اضافہ ہوا ہے اور 70 فیصد ڈیلیوریز سرکاری دواخانوں میں انجام پارہی ہیں۔ ہریش راؤ نے آج بنجارہ ہلز میں خواتین اور بچوں کے اجلاس سے متعلق ایک خانگی ہاسپٹل کا افتتاح انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ حاملہ خواتین کیلئے تلنگانہ کے 33 اضلاع میں 14 جون سے صحت بخش غذاؤں پر مشتمل کٹس کی تقسیم کا آغاز ہوگا۔ فلم ڈائرکٹر ایس ایس راج مولی اور ہاسپٹل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر ستیش گھنٹہ اس موقع پر موجود تھے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ حیدرآباد بہتر علاج کی سہولتوںکیلئے عالمی سطح پر ایک ہیلت ہب کے طور پر اپنی شناخت بناچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے مضافات میں 10ہزار سوپر اسپیشالیٹی بیڈس کا انتظام کیا جارہا ہے۔ نیتی آیوگ کی رپورٹ کے مطابق بہتر علاج کے معاملہ میں تلنگانہ سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 میں سرکاری دواخانوں میں ڈیلیوریز کی شرح صرف 30 فیصد تھی جو اب بڑھ کر 70 فیصد ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد بہتر سہولیات کے سبب ایک عالمی شہر کا موقف اختیار کرچکا ہے۔ر