گاندھی ہاسپٹل کو دوبارہ کورونا علاج کیلئے مخصوص کردیا جائے گا

   

تمام بستروں کو آکسیجن سے مربوط کرنے کے اقدامات ۔ قرنطینہ سہولت پر بھی توجہ

حیدرآباد۔4جنوری(سیاست نیوز) محکمہ صحت کی جانب سے گاندھی ہاسپٹل کودوبارہ کورونا کیلئے مخصوص قرار دیئے جانے کا فیصلہ کیا جاچکا ہے اور آئندہ دو یوم میں دیگر مریضوں کو دوسرے دواخانوں میں منتقل کرنے کے بعد اسے کورونا کیلئے مخصوص قراردے دیا جائے گا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ گذشتہ ماہ کے اوائل میں ہی محکمہ صحت کی جانب سے اس کا جائزہ لینا شروع کردیا گیا تھا اور کل چیف منسٹر کے جائزہ اجلاس میں کورونا مریضوں کے بہتر علاج کیلئے اقدامات کی تفصیلات میں بھی تذکرہ کیا گیا کہ گاندھی ہاسپٹل کو کورونا کیلئے مخصوص کردیا جائیگا ۔ عہدیداروں نے فیصلہ کیا کہ ریاست میں 1000 یومیہ مریضوں کی صورت میں گاندھی ہاسپٹل کو کورونا مریضوں کیلئے مخصوص کیا جائیگا کیونکہ کورونا کی نئی قسم اومی کرون متاثرین کیلئے تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کو مخصوص قرار دیا گیا ۔ اومی کرون مریضوں کو ٹمس منتقل کیا جا رہا ہے لیکن ان میں جن کی حالت تشویشناک حد تک بگڑ رہی ہے انہیں گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا جا رہاہے لیکن اب بھی گاندھی ہاسپٹل میں کورونا مریضوں کے علاج کے علاوہ انہیں شریک کرنے کی کافی گنجائش ہے ۔ محکمہ صحت کے عہدیدارتمام بستروں کو جلد از جلد آکسیجن سے مربوط کرنے میں مصروف ہیں۔ ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کی جانب سے تمام ضلعی دواخانوں کو کورونا مریضوں کیلئے علحدہ گوشوں کی تیاری کی ہدایت دے دی گئی ہے اور کہا گیا کہ سہولتوں میں بہتری لانے کے علاوہ قرنطینہ کی سہولتوں کا بھی جائزہ لیا جائے۔ شہر میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ پر کہاجارہا ہے کہ فی الحال گاندھی ہاسپٹل کو کورونا وائرس کے لئے مخصوص دواخانہ قرار دیئے جانے کا منصوبہ تیا رکیا گیا ہے ۔م