اندرون ہفتہ 100 وینٹی لیٹرس بستر کا اضافہ کرنے کی انتظامیہ کو ہدایت
حیدرآباد۔ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد جن مریضوں کو وینٹیلیٹرکی ضرورت محسوس ہوگی انہیں گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا جائے گا جہاں فی الحال 200 وینٹیلیٹربیڈ موجود ہیں۔ گاندھی ہاسپٹل انتظامیہ کو محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق آئندہ ایک ہفتہ کے دوران گاندھی ہاسپٹل میں مزید 100 وینٹیلیٹر بستروں کا انتظام کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں کیونکہ محکمہ صحت کی جانب سے دوبارہ گاندھی ہاسپٹل کو کورونا وائرس کے دواخانہ کے طور پر مخصوص کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ سال گذشتہ ریاستی حکومت کی جانب سے گاندھی ہاسپٹل کو کورونا وائرس کے لئے مخصوص دواخانہ قرار دیا گیا تھا لیکن گذشتہ چند ماہ کے دوران ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں قابل لحاظ کمی کے سبب گاندھی ہاسپٹل کے دیگر شعبۂ جات کو بھی کھول دیاگیا تھا اور تمام خدمات کو بحال کردیا گیا تھا لیکن اب جبکہ دوبارہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے گاندھی ہاسپٹل کو دوبارہ کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے ریاستی محکمہ صحت نے سرکاری دواخانوں کی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے علحدہ علحدہ دواخانو ںمیں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے انتظامات کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں کی سنگین صورتحال میں انہیں گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا جائے گا اور انہیں وہیں زیر علاج رکھا جائے گا جبکہ ہلکی علامات اور معمولی طور پر متاثر ہونے والے مریضوں کو کنگ کوٹھی ضلع ہاسپٹل کے علاوہ تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں شریک کیا جائے گا اس کے علاوہ جن مریضوں کے پھیپڑے متاثر ہورہے ہیں اور سانس لینے میں دشواریوں کی شکایات موصول ہورہی ہیں ان مریضوں کا علاج چیسٹ ہاسپٹل میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ تمام مریضوں کو بہتر نگہداشت اور نگرانی میں علاج و معالجہ کی سہولت فراہم کی جاسکے۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں گذشتہ ایک برس کے دوران جو حالات رہے ہیں ان سے محکمہ صحت کے عہدیدارو ںکو جو تجربات حاصل ہوئے ہیں ان کے پیش نظر یہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔