کیسوں میں اضافہ پر محکمہ صحت کی نظر، جونیئر ڈاکٹرس کی جانب سے مخالفت
حیدرآباد: تلنگانہ میں کورونا کیسوں میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے گاندھی ہاسپٹل کو پھر کورونا علاج کے نوڈل سنٹر میں تبدیل کرنے کی تیاریاں جاری ہیں ۔ محکمہ صحت کے عہدیدار ریاست میں کورونا کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور مزید اضافہ کی صورت میں گاندھی ہاسپٹل کو کورونا علاج کے مرکز میں تبدیل کیا جائے گا ۔ پہلی لہر کے آغاز کے بعد گاندھی ہاسپٹل کورونا علاج کیلئے مختص تھا اور کیسوں میں کمی کے بعد دیگر امراض کے علاج کا آغاز ہوا۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے تیار ہیں۔ کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر حکومت سرکاری و خانگی دواخانوں میں بستروں کی تعداد میں اضافہ کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اسی دوران جونیئر ڈاکٹرس اسوسی ایشن نے سپرنٹنڈنٹ گاندھی ہاسپٹل کو یادداشت پیش کی جس میں گاندھی ہاسپٹل کو کورونا سنٹر میں تبدیل کرنے کی مخالفت کی گئی ۔ ان کا کہنا ہے کہ گاندھی ہاسپٹل میں موجودہ سہولتوں کے اعتبار سے یہ ممکن نہیں ہے ۔ اس سے جونیئر ڈاکٹرس متاثر ہوں گے ۔ گاندھی ہاسپٹل میں 1890 بستروں میں سے 1500 آئی سی یو اور آکسیجن کی سہولت کے ساتھ موجود ہیں ۔