تنخواہوں میں اضافہ کا دیرینہ مطالبہ، رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کا بیان
حیدرآباد: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے دورہ عثمانہ ہاسپٹل کے دوران ٹوئیٹر پر اپنے مطالبات پیش کئے۔ انہوں نے گاندھی ہاسپٹل کے بشمول دیگر سرکاری دواخانوں میں کورونا مریضوں کے علاج میں مصروف درجہ چہارم ملازمین کی تنخواہوں کو 8000 سے بڑھاکر 16000 روپئے کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرس اور طبی عملہ کو سابق میں اعلان کیا گیا تھا کہ 10 فیصد انسینٹیو دیا جائے گا لیکن آج تک اس پر عمل نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے چیف منسٹر سے ڈاکٹرس اور طبی عملہ کیلئے تنخواہوں میں اضافہ کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جونیئر ڈاکٹرس اپنے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے ہڑتال کی تیاری کر رہے ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ فوری مداخلت کرتے ہوئے مطالبات کو تسلیم کریں۔ انہوں نے گاندھی ہاسپٹل میں مریضوں کے درپیش مسائل کی یکسوئی کیلئے ٹائم باؤنڈ پروگرام مرتب کرنے کا مطالبہ کیا ۔