گاندھی ہاسپٹل :24 گھنٹوں میںکورونا سے 17 اموات

   

حکومت کا فوت ہونے والوں کی تعداد آشکار کرنے سے گریز ، سرکاری دواخانوں میں مریضوں میں مسلسل اضافہ

حیدرآباد۔گاندھی ہاسپٹل میں یکم اپریل کو 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے سبب 17 افراد کی اموات واقع ہوئی ہیں! ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کی نگرانی میں چلائے جانے والے اس سرکردہ دواخانہ میں کورونا وائرس کے سبب 17 افراد کی 24گھنٹوں میں موت کی اطلاع نے سنسنی پیدا کردی ہے لیکن اس کے باوجود محکمہ صحت کی جانب سے کوئی توثیق نہیں کی گئی بلکہ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صرف 5اموات ریکارڈ کی گئی ہیں جبکہ تلگو روزنامو ںنے اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ گاندھی ہاسپٹل میں کورونا وائرس کے علاج کے دوران 24گھنٹوں کے دوران فوت ہونے والے مریضو ںکی مکمل تفصیلات ان کے پاس موجود ہیں اور متوفی مریضوں میں 14مرد اور 3 خواتین شامل ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے توثیق نہ کئے جانے کے باوجود اخبارات میں شائع کی جانے والی اس خبر میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے سبب فوت ہونے والوں کی تعداد کو آشکار نہیں کیا جا رہاہے جبکہ ایسا کرنا ریاستی حکومت کے لئے بدنامی کا سبب بن سکتا ہے کیونکہ ریاستی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے سبب ہونے والی اموات کے سلسلہ میں اعداد و شمار کو عوام کے سامنے پیش نہ کئے جانے کی صورت میں عوامی غفلت میں کوئی کمی نہیں آئے گی بلکہ شہریوں میں بے اعتنائی پیدا ہونے لگے گی۔گاندھی ہاسپٹل میں 17اموات کی خبر کی سرکاری طور پر توثیق نہ کئے جانے کے باوجود شائع ہونے والی ان خبروں کے متعلق تفصیلات حاصل کرنے پر اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ سرکاری عہدیداروں نے حقیقی اعداد و شمار پر مشتمل ان رپورٹس کی تردید نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ خبروں کی اشاعت کے ساتھ تمام ثبوت اور شواہد موجود ہیں جن کے انکشاف سے سرکاری مشنری کی کارکردگی آشکار ہونے کا خدشہ ہے۔ ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کے سلسلہ میں دریافت کرنے پر اس بات کا پتہ چلا ہے کہ گاندھی ہاسپٹل کے آئی سی یو میں 136 مریض زیر علاج ہیں اس کے علاوہ چیسٹ ہاسپٹل ‘ تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس اور کنگ کوٹھی دواخانہ میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعدا دمیں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے ۔