رکن اسمبلی بی جے پی راجہ سنگھ کا پولیس اسٹیشن کے روبرو احتجاج
حیدرآباد ۔ /28 جولائی (سیاست نیوز) گاؤ رکھشا کے نام پر جبراً وصولی میں ملوث 6 افراد کو حیات نگر پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ جبکہ ان کی گرفتاری کے خلاف حلقہ اسمبلی گوشہ محل کے ایم ایل اے ٹی راجہ سنگھ نے پولیس اسٹیشن کے روبرو احتجاج کیا ۔ تفصیلات کے مطابق /24 جولائی کی شب بی دیویندر اور اس کے ساتھی ششی کمار ، سکندر ، کے مہیش ، ٹی گریش اور دیگر نے مویشیوں سے بھرے ہوئے ٹرک کا تعاقب کرتے ہوئے اسے روک لیا اور ٹرک ڈرائیورس کو ایک سنسان مقام لے جاکر ان کے موبائیل فون بند کردیئے اور بعد ازاں ان کے پاس موجود نقد رقم اور دیگر اشیاء چھین لئے ۔ سب انسپکٹر حیات نگر وی نرسمہا نے بتایا کہ /24 جولائی رات دیر گئے محمد فیروز کو قومی شاہراہ پر ایک سنسنان مقام پر لے جاکر مذکورہ افراد نے خود کو گینگسٹر نعیم سے وابستہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے اس کی رقم چھین لی اور سنگین نتائج کا انتباہ دیا ۔ اس پر کارروائی کرتے ہوئے حیات نگر پولیس نے ششی کمار ، کے مہیش ، ٹی گریش ، یو سرینواس ، کے راجو اور ایک صحافی وی تھونیشور متوطن یادادری بھونگیر کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ مویشی منتقل کرنے پر اعتراض کرتے ہوئے مذکورہ افراد نے ٹرک ڈرائیور کو نشانہ بنایا اور انہیں لوٹ لیا ۔ بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ اپنے حامیوں کے ہمراہ آج دوپہر حیات نگر پولیس اسٹیشن پہونچ کر خودساختہ گاؤ رکھشک جو خود کو ہندو واہنی کے کارکن بتارہے تھے کی رہائی کا مطالبہ کیا لیکن پولیس نے انہیں گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دیدیا ۔