نئی دہلی :سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے وزیر نتن گڈکری نے کہا ہے کہ ملک میں پرانی گاڑیوں کو ضائع کرنے کے لئے اسکریپنگ پالیسی کے تعلق سے سپریم کورٹ نے جو فیصلہ دیا ہے اس پر عمل کیا جائے گا۔مسٹر گڈکری نے کہا کہ حکومت نے لوگوں کو راحت دیتے ہوئے گاڑیوں کو ضائع کرنے کے واسطے 15 اور 20 سال کی مدت کی تجویز کی تھی جس کے تحت پرائیویٹ گاڑیوں کو 20 سال میں اور کمرشیل گاڑیوں کو 15 سال میں ضائع کیا جانا تھا۔ حکومت نے اس بارے میں لوگوں کے مشورے طلب کئے تھے اور سب کی رضامندی سے یہ تجویز کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ اسکرپینگ پالیسی کے تحت گاڑی مالکان کو کچھ راحت ملے اس کے لئے حکومت نے یہ بھی تجویز کی تھی کہ جو بھی گاڑی مالکان اسکریپنگ کا سرٹی فکیت لیکر آئیں گے ، انہیں نئی گاڑی کی خریداری پر چھوٹ دی جائے گی۔ اس بارے میں انہوں نے اہم وہیکل مینوفیکچرر کمپنیوں سے بھی بات کی ہے ۔مسٹر گڈکری نے یو این آئی کے سوال کے جواب میں کہا کہ اگر سپریم کورٹ نے سبھی گاڑیوں کے لئے 15 سال کی اسکریپنگ کا فیصلہ دیا ہے تو عدالت کے حکم پر عمل کیا جائے اور اسی کے مطابق حکومت کام کرے گی۔واضح رہے کہ مسٹر گڈکری ملک میں گاڑیوں سے پیدا ہونے والی آلودگی کو کم کرنے کے لئے مسلسل کوششیں کررہے ہیں اور اسی کے تحت انہوں نے گاڑیوں کے لئے اسکریپنگ پالیسی کا نظریہ پیش کیا۔