آن لائن فارمس کی دوبارہ شورومس سے جانچ، غلط اندراج سے مشکلات
حیدرآباد : /15 فبروری (سیاست نیوز) محکمہ ٹرانسپورٹ نے گزشتہ ماہ 23 سے شوروم میں ہی گاڑیوں کی رجسٹریشن کے عمل کو شروع کیا تھا ۔ لیکن اس عمل میں اندراج کے دوران کئی غلطیاں ہورہی ہیں ۔ جس سے گاڑیوں کے مالکان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ فائلز وقت پر جمع نہ ہونے کی وجہ سے رجسٹریشن کیلئے کافی انتظار کرنا پڑرہا ہے ۔ تکنیکی نظام پر سختی سے عمل درآمد نہ ہونے ، شوروم کے عملے کی غفلت اور غیرذمہ داری کے باعث گاڑیوں کی رجسٹریشن میں غلطیاں ہورہی ہیں ۔ آن لائن کے ذریعے آر ٹی اے دفاتر پہنچنے والے فائلوں کو دوبارہ شوروم سے لاکر جانچ کرنی پڑرہی ہے ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے گاڑیوں کی دستاویزات آن لائن رجسٹر کرنے کیلئے خصوصی تکنیکی نظام تیار کیا ہے ۔ شوروم سے گاڑی خریدنے کے فوراً بعد انوائس کے ساتھ گاڑی کے مالک کی تصویر ، پتہ کی تصدیق ، آدھار ، پین کارڈ اور دیگر دستاویزات کو آن لائن اپ لوڈ کیا جانا چاہئیے ۔ اہلکار مختلف آر ٹی اے دفاتر میں موصول ہونے والی فائلوں کو آن لائن حل کرتے ہیں اور سرکاری طور پر گاڑی کا نمبر الاٹ کرکے ان کی تصدیق کرتے ہیں ۔ رسید کے ساتھ مستقل رجسٹریشن مکمل ہوجاتی ہے ۔ اس کے بعد گاڑی ایک ہفتے کے اندر اسپیڈ پوسٹ کے ذریعے گاڑی کے مالک تک پہنچ جائے گی ۔ لیکن شوروم کا عملہ گاڑی کے کاغذات درست طریقے سے اپ لوڈ نہیں کررہے ہیں ۔ گاڑی کے انجن کا چیسی نمبر واضح طور پر درج نہیں ہے ۔ کچھ فائلوں میں گاڑی کے مالک کی تصویر واضح نہیں ہونے کی وجہ سے آر ٹی اے حکام فائلوں کو زیرالتواء رکھے ہوئے ہیں ۔ گاڑیوں کی مستقل رجسٹریشن کا عمل بہت اہم ہے ۔ آر ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ (ش)