محکمہ ٹرانسپورٹ کے دفاتر جانے کی ضرورت نہیں ، تعاون کرنے عوام سے اپیل
حیدرآباد ۔ 24 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ آج سے محکمہ ٹرانسپورٹ میں مزید اصلاحات پر عمل آوری ہوگی۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ آج سے گاڑیوں کے شورومس (ڈیلرس) کے پاس ہی گاڑیوں کا مستقل رجسٹریشن کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئی گاڑیاں خریدنے والوں کو اب رجسٹریشن کیلئے محکمہ ٹرانسپورٹ کے دفاتر کو جانے اور قطاروں میں ٹھہرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ جس شوروم سے گاڑی خریدی جارہی ہے اسی شوروم میں گاڑیوں کا مستقل رجسٹریشن کیا جائے گا۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ تمام اقسام کی خدمات آن لائن فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ تلنگانہ حکومت سارتھی پورٹل میں شامل ہوگئی ہے جس کے ذریعہ ٹرانسپورٹ خدمات عوام کیلئے مزید سہولت بخش ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے ای وی پالیسی، اسکراپ پالیسی کو بھی متعارف کرایا ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ میں اصلاحات کا عمل مسلسل جاری ہے تاکہ عوام کو ٹرانسپورٹ کی خدمات آسانی سے دستیاب ہوسکے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہیکہ وہ محکمہ ٹرانسپورٹ سے بھرپور تعاون جاری رکھیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ شوروم میں گاڑیوں کے رجسٹریشن کی سہولت حاصل ہونے کی وجہ سے نہ صرف ان کا وقت محفوظ ہوگا بلکہ گاڑیوں کے رجسٹریشن کیلئے انہیں محکمہ ٹرانسپورٹ کے دفاتر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ شورومس کا دورہ کرتے ہوئے رجسٹریشن کے عمل کا جائزہ لیتے رہے۔ عوام کو کوئی بھی مشکلات پیش نہ آئے اس کا خاص خیال رکھیں۔ آج سے یہ سہولت دستیاب ہوگئی ہے۔ ڈیلرس گاڑی خریدنے والوں سے ضروری دستاویزات حاصل کرتے ہوئے آن لائن میں اپ ڈیٹ کرتے ہوئے مستقل رجسٹریشن کروائیں گے۔2