گاڑی کا تعاقب ہونے پر ہیری کو والدہ کی ہلاکت یاد آگئی

   

نیویارک : برطانوی شہزادے پرنس ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن کی گاڑی کا اس ہفتہ نیو یارک میں ٹیبلوائیڈ میڈیا کے تعاقب کے نتیجے میں پیدا ہونے والی ممکنہ خطرناک صورت حال نے جوڑے کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اگرچہ اس واقعہ کی تفصیلات ابھی واضح طور پر بیان نہیں کی گئیں لیکن خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ واقعہ ہیری کے میڈیا پر غصے کا سبب ہی نہیں بنے گا بلکہ ان کے خدشات کو گہرا کرے گا کہ کہیں فوٹوگرافروں سے بھاگتی ہوئی کار کے حادثہ میں ہلاک ہونے والی ان کی والدہ شہزادی ڈائنا کی طرح ان کی شریک حیات میگھن کو بھی کسی ایسے حادثہ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ جوڑے کے نمائندوں نے دعویٰ کیا کہ جب فوٹو گرافروں نے مین ہٹن کی گلیوں میں ان کا تعاقب کیا تو قریب قریب ” تباہ کن” صورت حال پیدا ہوئی۔ پولیس نے کہا کہ تعاقب نسبتاً مختصر تھاجس کی وجہ سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔