گاہکوں کے حقوق پر ’صارفین تحفظ بل ‘ لوک سبھا میں منظور

   

نئی دہلی ۔ 30 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا نے صارفین تحفظ بل کو منگل کے روز منظور کرلیا جس میں صارفین کے حقوق کے تحفظ اور ان پر عمل آوری کو یقینی بنانے کے مقصد سے سنٹرل کنزیومرس پروٹیکشن اتھاریٹی ( سی سی پی اے ) کے قیام کی گنجائش فراہم کی گئی ہے ۔ سی سی پی اے حتیٰ کہ ایک گاہک کی طرف سے کی جانیوالی کسی شکایت پر بھی فی الفور کارروائی کرے گی ۔ مرکزی وزیر اغذیہ و اُمور صارفین رام ولاس پاسوان نے بل پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اتھاریٹی صارفین کے حقوق کے تحفظ کیلئے مقدمہ بھی دائر کرسکتی ہے ۔ پاسوان نے کہاکہ اس بل کا اصل بنیادی مقصد صارفین کی شکایت سے نمٹنے اور ان کا ازالہ کرنے کے عمل کو آسان بنانا ہے ۔ یہ بل صارفین کے حقوق کے تحفظ سے متعلق 1986 ء کے قانو کی جگہ لے گا۔ صارفین کے تحفظ کا یہ بل جنوری 2018 ء میں لوک سبھا میں پیش کیاگیا تھا اور اس سال ڈسمبر میں منظور کرلیا گیا تھا جس کے بعد راجیہ سبھا میں زیرتصفیہ تھا ، لوک سبھا کی تحلیل کے بعد ازخود کالعدم ہوگیا تھا ۔ چنانچہ حکومت نیا صارفین بل پیش کی تھی ۔