گبی فلم بھول چوک معاف کیلئے پرعزم

   

نئی دہلی: بالی ووڈ اداکارہ وامیقہ گبی، جو اپنی آنے والی فلم بھول چْوک معاف کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں، نے محبت اور زندگی کے موضوع کو کامیڈی کے ساتھ ملانے کو ایک عالمی پسندیدہ رجحان قرار دیا ہے۔ گبی نے گفتگو میں کہا یہ صرف محبت ہی ہے۔ محبت ہمیں دنیا کے طور پر اکٹھا رکھ سکتی ہے، اسی لیے یہ ایک عالمی جذبہ ہے۔ یہ ایک ایسا احساس ہے جو آپ کو خوشی دیتا ہے۔ اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ ایک طویل عرصے بعد انہیں ایک ایسی فلم ملی جس میں کامیڈی اور رومانس ہے۔ فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے گبی نے کہا: ویسے، رنجن اور تتلی کے درمیان بہت کم ’فلمی پیار‘ لگا۔ ان کا لڑنا اور محبت کرنا بہت خوبصورت ہے۔ جب میں نے کہانی سنی تو دل میں آیا کہ کیا یہ واقعی رومانوی فلم ہے؟ اس نوک جھونک میں محبت ہے۔ میں بہت خوش ہوں کہ مجھے اتنے شاندارکاسٹ کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ یہ فلم کرن شرما کی ہدایت کاری میں بنی ہے اور اسے دینیش ویجان نے میڈوک فلمز کے بینر تلے پروڈیوس کیا ہے۔ فلم کا میوزک تنیشک باگچی نے دیا ہے، نغمے ارشاد کامل نے لکھے ہیں، اور گلوکاری تنیشک باگچی اور مدھوبنتی باگچی نے کی ہے۔کہانی رنجن کے گرد گھومتی ہے، جو بنارس کا ایک چھوٹے شہر کا رومانوی لڑکا ہے۔ وہ سرکاری نوکری حاصل کرتا ہے تاکہ تتلی سے شادی کر سکے، مگر وہ بھول جاتا ہے کہ اس نے بھگوان شیوا سے کیا وعدہ پورا نہیں کیا۔ یہی وعدہ اسے قید کردیتا ہے جب تک وہ اپنا عہد پورا نہ کرے۔ فلم محبت، تقدیر پر مبنی ایک مزاحیہ کہانی ہے۔ فلم 9 مئی کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔گبی نے بطور چائلڈ آرٹسٹ 2007 کی فلم جب وی میٹ سے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ انہوں نے پنجابی فلموں تو میرا میں تیرا ، نکا زیلدار اور نکا زیلدار میں مقبولیت حاصل کی، جبکہ کالی جوتا میں بھی ان کی اداکاری کو سراہا گیا۔ انہوں نے تمل فلم مالائے نیرتو میاکم اور ملیالم فلم گودھا میں بھی کام کیا ہے۔ ہندی او ٹی ٹی سیریز گرہن، مائی: اے مدرز ریج اور ماڈرن لو ممبئی میں ان کے کرداروں کو خوب سراہا گیا۔ گبی کے کیریئر کا اہم موڑ2023 میں آیا، جب انہوں نے مشہور ویب سیریزجوبلی میں ایک ابھرتی ہوئی اداکارہ کا کردار ادا کیا اور وشال بھردواج کی تھرلر فلم خفیہ میں ایک جاسوس کی بیوی کے طور پر جلوہ گر ہوئیں۔