گتہ دار کے حملہ میں ظہیرآباد میونسپل انجینئر زخمی

   

Ferty9 Clinic

طویل عرصہ سے مبینہ بقایہ بلز کی عدم منظوری کے خلاف انتہائی اقدام، میونسپل عہدیداروں کا احتجاج

ظہیرآباد۔ میونسپل انجینئر ظہیرآباد سریدھر ریڈی کے چیمبر میں ایک شخص نے دن دھاڑے داخل ہوکر ان پر لوہے کی سلاخ سے وار کرکے زخمی کردیا جس کے نتیجہ میں میونسپل آفس میں کہرام مچ گیا۔ اس واقعہ کے بعد میونسپل انجینئر اور دیگر عہدیداروں نے ظہیرآباد ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کرواتے ہوئے حملہ آور نرسمہا ریڈی کو گرفتار کرکے اس کے خلاف ایک سرکاری عہدیدار پر ڈیوٹی کے دوران لوہے کی سلاخ سے وار کرکے زخمی کردینے پر سخت کارروائی کرنے کی خواہش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ حملہ آور ایک میونسپل گتہ دار ہے جس نے طویل عرصہ سے اپنے بقایا بلز کی عدم منظوری سے تنگ آکر یہ انتہائی اقدام کیا ہے۔ پولیس ظہیرآباد ٹاون نے ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف ایک مقدمہ درج رجسٹر کرتے ہوئے عدالت میں پیش کردیا۔ ملز م موضع سجا پور کا رہنے والا ہے۔ بعد ازاں اس حملہ کے خلاف میونسپل کمشنر ڈی سبھاش راو، سندیپ ڈی ای ، ایم پربھاکر آر آئی، سندویا رانی ، محمد غوث ، محمد خورشید، رویندر ریڈی، پرتھوی، راگھو، محمد احمد اور دیگر نے اپنے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر میونسپل آفس کے باب الداخلہ پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آور کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔