صدر مرمو نے بل کو منظوری دیدی، پولیس اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو اضافی اختیار
نئی دہلی : گجرات کے ایک بل کو جس کے ذریعہ ضابطہ فوجداری کے سیکشن 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے احتجاج کرنے والے افراد کو فوجداری مقدمات میں ماخوذ کیا جاسکے گا ، آج صدارتی منظوری حاصل ہوگئی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے گجرات کے بل کو منظوری دیدی جس سے گجرات پولیس کو احتجاجیوں کے خلاف کارروائی کا اضافی اختیار حاصل ہوگیا ہے۔ یہ بل گذشتہ سال مارچ میں ریاستی اسمبلی میں منظور کیا گیا تھا۔ اس بل میں گنجائش ہیکہ دفعہ 144 کے تحت جاری کردہ امتناعی احکام کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ماخوذ کیا جاسکے گا۔ اس بل کے تحت حکومت گجرات، پولیس کمشنرس اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹس کو اختیار دیا گیا ہیکہ ضابطہ فوجداری کے دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکام جاری کریں۔ ایسے احکام جاری ہونے کی صورت میں عوام الناس کو بعض سرگرمیوں سے دور رہنا پڑے گا اور اگر وہ ایسا کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو انہیں ماخوذ کیا جاسکے گا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو تعزیرات ہند کے دفعہ 188 کے تحت زیادہ سے زیادہ 6 ماہ کی سزائے قید ہوسکتی ہے۔