گجرات اسمبلی الیکشن کے دوسرے مرحلہ کی انتخابی مہم ختم

   

93 سیٹوں کیلئے پیر کو ووٹ ڈالے جائیں گے‘بی جے پی اور کانگریس میں سخت مقابلہ
گاندھی نگر :گجرات اسمبلی انتخاب کے دوسرے مرحلہ کی ووٹنگ کیلئے انتخابی مہمہفتہ کی شام 5 بجے ختم ہو گئی۔ انتخابی تشہیر کے اآخری دن امیدوار اور سیاسی پارٹیوں نے ووٹروں کو متوجہ کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ اسمبلی انتخاب کے دوسرے مرحلہ میں ریاست کی 182 اسمبلی سیٹوں میں سے 93 سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے۔اس مرتبہ گجرات اسمبلی انتخابات میں برسر اقتدار بی جے پی اور کانگریس میں سخت مقابلہ ہورہا ہے جبکہ عام آدمی پارٹی بھی اس مرتبہ گجرات انتخابات میں اپنی قسمت آزمارہی ہے ۔اس بار دو مراحل میں اسمبلی انتخاب ہو رہے ہیں جن میں سے پہلے مرحلہ کے تحت یکم دسمبر کو 89 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہوئی تھی۔ اب دوسرے مرحلہ میں 93 سیٹوں کے لیے پیر کے روز یعنی 5 دسمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ 2017 میں ہوئے اسمبلی انتخاب میں ان 93 سیٹوں میں سے 51 سیٹوں پر بی جے پی اور 39 سیٹوں پر کانگریس امیدوار کو کامیابی ملی تھی۔ اس بار دوسرے مرحلہ میں مجموعی طور پر 833 امیدوار اپنی قسمت اآزما رہے ہیں۔واضح رہے کہ گجرات اسمبلی میں مجموعی طور پر 182 نشستیں ہیں۔ ان میں 13 نشستیں درج فہرست ذات اور 27 نشستیں درج فہرست قبائل کے لیے محفوظ ہیں۔ اس بار درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل کے لیے محفوظ سبھی 40 اسمبلی نشستوں پر لوگوں کی نظر مرکوز ہے۔ یہ نشستیں فیصلہ کر سکتی ہیں کہ بی جے پی کی اقتدار میں واپسی ہوگی یا پھر کانگریس عرصہ دراز کے بعد صوبہ میں حکومت تشکیل دے گی۔بہرحال، دوسرے مرحلہ میں جن 93 سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہونی ہے، ان میں شمالی گجرات اور وسطی گجرات کے 14 اضلاع شامل ہیں۔ ان میں احمد اآباد، وڈودرا اور گاندھی نگر جیسے مشہور اضلاع بھی ہیں۔ اس کے علاوہ دوسرے مرحلہ میں جن مشہور چہروں پر سبھی کی نظریں ہیں ان میں وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل اور الپیش ٹھاکر شامل ہیں۔ یہ تینوں گھاٹلوڈیا، ویرمگام اور گاندھی نگر جنوب سیٹ سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ وسرے مرحلہ کے لیے ووٹنگ کا عمل انجام پانے کے بعد سبھی کو انتظار 8 دسمبر کا رہے گا جس دن نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔