گجرات اسمبلی انتخابات ،مجلس کے 3 امیدواروں کا اعلان

   

احمدآباد : صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین و رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی گجرات میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کیلئے اپنی پارٹی کے 3 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا۔ بی جے پی کی زیراقتدار گجرات ریاست میں انتخابات کا تاحال اعلان نہیں ہوا ہے۔ توقع کی جارہی ہیکہ ڈسمبر میں اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے۔ مجلس کے ریاستی یونٹ کے صدر صابر کابلی والا احمدآباد میں جمال پور ۔ کھاڈیہ سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔ جوہاپورا میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر اویسی نے یہ اعلان کیا۔ مجلس کا دلت چہرہ کوشیکاپرمار احمدآباد کے دانیلی مدا (ایس سی) سیٹس سے مقابلہ کریں گی جبکہ وسیم قریشی سورت ایسٹ سے مجلسی امیدوار ہوں گے۔ جمال پور ۔ کھاڈیہ اور دانیلی مدا حلقے اس وقت کانگریس کے قبضہ میں ہے جبکہ سورت ایسٹ پر بی جے پی کے امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔ 2012ء میں سابق کانگریس قائد صابرکابلی والا نے جمال پور ۔ کھاڈیہ سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کیا تھا کیونکہ انہیں کانگریس پارٹی نے ٹکٹ دینے سے انکار کردیا تھا۔ اس حلقہ میں تقریباً 60 فیصد مسلمانوں کی آبادی ہے۔ صابرکابلی والا اور کانگریس کے سمیرخان پٹھان کے درمیان ووٹوں کی تقسیم کے نتیجہ میں اس حلقہ سے بی جے پی کے بھوشن بھٹ نے کامیابی حاصل کرلی تھی۔