93 سیٹوں کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے،الیکشن کمیشن کی جانب سے مؤثر انتظامات
گاندھی نگر : گجرات اسمبلی انتخاب کے دوسرے مرحلہ اور آخری مرحلہ میں کل ووٹ ڈالے جائیں گے۔ چیف الیکٹورل آفیسر پی بھارتی نے کہا کہ الیکشن کمیشن گجرات اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے کی ووٹنگ کیلئے پوری طرح تیار ہے ۔ اسمبلی انتخاب کے دوسرے مرحلہ میں ریاست کی 182 اسمبلی سیٹوں میں سے 93 سیٹوں کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے۔اس مرتبہ گجرات اسمبلی انتخابات میں برسر اقتدار بی جے پی اور کانگریس میں سخت مقابلہ ہورہا ہے جبکہ عام آدمی پارٹی بھی اس مرتبہ گجرات انتخابات میں اپنی قسمت آزمارہی ہے۔ اس بار دو مراحل میں اسمبلی انتخاب ہو رہے ہیں جن میں سے پہلے مرحلہ کے تحت یکم دسمبر کو 89 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہوئی تھی۔ اب دوسرے مرحلہ میں 93 سیٹوں کے لیے پیر کے روز یعنی 5 دسمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ دوسرے مرحلہ میں مجموعی طور پر 833 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔اس بار درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل کیلئے محفوظ سبھی 40 اسمبلی نشستوں پر لوگوں کی نظر مرکوز ہے۔ یہ نشستیں فیصلہ کر سکتی ہیں کہ بی جے پی کی اقتدار میں واپسی ہوگی یا پھر کانگریس عرصہ دراز کے بعد صوبہ میں حکومت تشکیل دے گی۔ بہرحال دوسرے مرحلہ میں جن 93 سیٹوں کیلئے ووٹنگ ہونی ہے، ان میں شمالی گجرات اور وسطی گجرات کے 14 اضلاع شامل ہیں۔ ان میں احمد آباد، وڈودرا اور گاندھی نگر جیسے مشہور اضلاع بھی ہیں۔ 8 دسمبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا ۔