گجرات انتخابات: باغیوں سے بی جے پی کو مشکلات

   

آزادانہ طور پر کاغذات نامزدگی داخل کرنے والے 7 قائدین معطل
گاندھی نگر: گجرات اسمبلی انتخابات میں باغیوں نے بی جے پی کو پریشان کردیا ہے اور اس کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ باغیوں کے رویہ سے پارٹی میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب بی جے پی نے باغیوں کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔ پارٹی نے 7 قائدین کو معطل کر دیا ہے، جنہوں نے ان سیٹوں سے آزاد امیدوار کے طور پر کاغذات نامزدگی داخل کیے تھے، کیونکہ ان قائدین کو بی جے پی نے ٹکٹ نہیں دیئے تھے۔بی جے پی سے معطل کیے گئے قائدین میں مدھو سریواستو، اروند لادانی، دینو پٹیل، ہرشد وساوا اور دھول سنگھ جھالا سمیت 7 لوگوں کے نام شامل ہیں۔ بی جے پی کے ریاستی صدر نے پارٹی مخالف سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے ان لیڈروں کو باہر کا راستہ دکھایا ہے۔ٹکٹ نہ ملنے پر بی جے پی کے کئی لیڈروں نے آزاد امیدوار کے طور پر کاغذات نامزدگی بھرے تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان لیڈروں میں کئی ایم ایل اے اور سابق ایم ایل اے بھی شامل ہیں۔ بی جے پی سے معطل کیے گئے اروند لادانی نے بھی آزاد پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ریاستی صدر کے سمجھانے کے باوجود انہوں نے اپنا پرچہ نامزدگی واپس نہیں لیا۔ وہیں، واگھوڑیا سے بی جے پی کے ٹکٹ پر 6 بار ایم ایل اے رہ چکے مدھو سریواستو کو جب پارٹی نے ٹکٹ نہیں دیا تو انہوں نے بھی آزاد امیدوار کے طور پر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کر دیا۔ ان لیڈروں کے باغیانہ رویہ نے بی جے پی کے لیے مزید مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ بتایا جاتا ہیکہ اس مرتبہ گجرات اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو کانگریس کے علاوہ عام آدمی پارٹی سے بھی سخت مقابلہ ہے۔