گجرات اور لکھنو میں آج سبقت کی جنگ

   

پونے۔ اپنے پہلے سیزن میں شاندار کارکردگی کے بعد گجرات ٹائٹنز اور لکھنؤ سوپرجائنٹس منگل کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہونے پر پلے آف میں جگہ محفوظ کرنے کے خواہاں ہوں گے اور سبقت کی اس لڑائی میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہوں گی۔ گجرات زیادہ تر وقت لیگ میں سرفہرست رہا لیکن بیٹرس کی ناکامی کی وجہ سے اسے آخری دو میچوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ اس کے ساتھ ہی لکھنؤ پہلے مقام پر پہنچ گیا ہے۔ تاہم ان دونوں ٹیموں کے 16 نشانات برابر ہیں اور یہ میچ جیتنے والی ٹیم کی پلے آف میں جگہ یقینی ہو جائے گی۔ ہاردک پانڈیا کی زیرقیادت گجرات گزشتہ ہفتے پنجاب کنگز اور ممبئی انڈینس سے ہارگئے۔ دوسری طرف لکھنؤ نے اپنے آخری چار میچ جیتے ہیں۔ ان میں گزشتہ میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے خلاف 75 رنزکی فتح بھی شامل ہے، جس کی وجہ سے لکھنؤ کی ٹیم بلند حوصلوں کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ کے ایل راہول نے لکھنؤ کی مثالی قیادت کی ہے۔ وہ اب تک 11 میچوں میں 451 رنز بنا چکے ہیں جس میں دو سنچریاں اور نصف سنچریاں شامل ہیں۔ لکھنؤ کی ٹیم بیٹنگ میں ان پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہے لیکن حالیہ میچوں میں کوئنٹن ڈی کاک اور دیپک ہڈا نے زیادہ ذمہ داری لی ہے جس سے راہول کا بوجھ ہلکا ہوا ہے۔ لکھنؤ کے بولرس بھی اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ پنجاب کنگزکے خلاف جہاں اس نے 153 رنز کا عمدہ دفاع کیا، کے کے آر کو صرف 101 رنز بنانے کی اجازت ملی۔ اس میچ میں فاسٹ بولروں اویس خان اور جیسن ہولڈر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ محسن خان بھی اپنا نمایاں مقام بنا چکے ہیں۔ فاسٹ بولروں محسن خان، کرونل پانڈیا اور سری لنکا کے دشمنت چمیرا نے کفایتی بولنگ کی۔ روی بشنوئی البتہ آخری میچ میں قدرے مہنگے ثابت ہوئے۔ جہاں تک گجرات کا تعلق ہے اس نے مشکل حالات میں واپسی کرکے اپنا مقام مضبوط کیا ہے۔ اس کے مختلف کھلاڑی اب تک میچ ونررہے ہیں لیکن ممبئی کے خلاف ایسا نہیں ہوا جب وہ آخری اوور میں نو رنز بنانے میں ناکام رہے۔ گجرات کے بیٹرس کو تسلسل برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ ان کے ٹاپ آرڈر لمبی اننگز کھیلنے کے قابل نہیں ہیں۔ شبمن گل تو چمک نہیں پائے لیکن ردھیمان ساہا نے اپنے ارادوں کو بخوبی بتا دیا ہے۔ ہاردک، ڈیوڈ ملر اور راہول تیوتیا بھی حالیہ میچوں میں نہیں چل سکے۔ انہیں ٹورنمنٹ کے اہم موڑ پر پرانی رفتارکو دوبارہ حاصل کرنا ہوگا۔