گجرات بلدی انتخابات : بی جے پی کی اہم کامیابی :مودی

,

   

کانگریس کو دھکہ، عام آدمی پارٹی اور مجلس نے اپنا کھاتہ کھول دیا، 576 کے منجملہ 449 پر حکمراں پارٹی کا قبضہ
نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے گجرات بلدی انتخابات میں بی جے پی کی بھاری اکثریت سے کامیابی کو عظیم کامیابی قرار دیا اور کہا کہ پارٹی کیلئے یہ خالص سیاسی منافع ہے۔ بی جے پی گزشتہ دو دہوں سے ریاست کی خدمت کر رہی ہے ، اس کے عوض میں عوام نے شاندار کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام اچھی حکمرانی کے حق میں ہیں۔ چیف منسٹر وجئے روپانی اور ڈپٹی چیف منسٹر نتن پٹیل نے بھی نتائج پر اظہار مسرت کیا۔ کانگریس کو شدید جھٹکہ لگا ہے ۔ حال ہی میں پنجاب بلدی انتخابات میں کانگریس نے شاندار کامیابی حاصل کی تھی لیکن اسے زعفرانی پارٹی کے گڑھ گجرات میں ناکامی ہوئی ہے۔ عام آدمی پارٹی اور مجلس نے اپنا کھاتہ کھول دیا ہے۔ بی جے پی غلبہ والے بلدی انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے سورت میونسپل کارپوریشن کی 27 نشستیں جیت لی ہیں۔ اروند کجریوال کی پارٹی نے 6 میونسپل کارپوریشنوں میں 470 امیدوار کھڑا کئے تھے ۔ مجلس اتحاد المسلمین کو احمد آباد کے دو وارڈس جمال پور اور مکتوم پورہ میں پارٹی کے پیانل کو جیت ملی ہے۔ 6 میں سے 5 میونسپل کارپوریشنوں یعنی احمد آباد ، راجکوٹ ، ودودھرا ، جام نگر اور بھاؤ نگر میں بی جے پی کو اکثریت مل رہی ہے ، وہیں سورت میں عام آدمی پارٹی کو 27 سیٹوں پر کامیابی ملی ۔ کانگریس کو تیسرا نمبر حاصل ہوا۔ سورت میں کانگریس کو نقصان عام آدمی پارٹی کی وجہ سے پہنچا ہے۔ 576 سیٹوں پر 21 فروری کو ووٹ ڈالے گئے تھے۔ آج نتائج کے اعلان کے بعد بی جے پی نے دعویٰ کیا کہ گجرات اس کا گڑھ ہے اور یہاں اس کے طلسم کو توڑنے کی کوئی ہمت نہیں کرسکتا۔ کانگریس تو کیا فی الحال کسی بھی اپوزیشن پارٹی کے بس کی بات نہیں ہے۔