گجرات بلدی انتخابات میں بی جے پی کا غلبہ

   

عام آدمی پارٹی نے پھر ایک بار اپنا اثر دکھایا، کانگریس کا صفایا

احمدآباد : گجرات بلدی انتخابات کے نتائج سامنے آگئے ہیں۔ 8474 نشستوں کے منجملہ 8235 نشستوں پر انتخابات منعقد ہوئے تھے۔ مابقی حلقوں میں تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ پھر ایک بار حکمراں پارٹی بی جے پی نے مقامی بلدیات پر قبضہ کرلیا ہے۔ کانگریس کا بُری طرح صفایا ہوگیا۔ بدترین ہزیمت کو تسلیم کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نے استعفیٰ دے دیا۔ اروند کجریوال کی عام آدمی پارٹی نے اِس مرتبہ بھی اپنا اثر دکھایا ہے۔ اِسے 16 نشستیں مل رہی ہیں۔ نگر پالیکا تعلقہ پنچایت اور ڈسٹرکٹ پنچایت انتخابات کے نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ گجرات ریاست اب صرف بی جے پی کی ملکیت بن گئی ہے۔ بی جے پی نے یہاں پر ترقیاتی اور گڈ گورننس ایجنڈے کے ساتھ انتخابی مقابلہ کیا تھا۔ گجرات کے ریاستی کانگریس صدر امیت چاؤلہ نے بلدی انتخابات میں شکست کی ذمہ داری لیتے ہوئے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ اِن کے استعفے کے بعد گجرات اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پریش گھنانی نے بھی استعفیٰ دے دیا۔ کانگریس ہائی کمان نے دونوں قائدین کے استعفے کو قبول کرلیا ہے۔ مارچ کے آخر تک کانگریس کے نئے ریاستی صدر اور اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے تقرر کا اعلان کیا جائے گا۔ بی جے پی نے 81 بلدیات کے منجملہ 75 پر سبقت برقرار رکھی ہوئی ہے۔ بی جے پی تمام 31 ضلع پنچایت انتخابات میں آگے بڑھ رہی ہے۔ کانگریس نے یہاں پر 2017 ء میں اچھا مظاہرہ کیا تھا۔ لیکن اِس مرتبہ وہ شکست سے دوچار ہے۔ گجرات کانگریس کے کئی قدآور اپوزیشن لیڈروں کے بیٹے اور رشتہ دار بھی شکست سے دوچار ہوئے ہیں۔