گجرات بٹکوائن اسکام، سابق بی جے پیرکن اسمبلی سمیت 14 ملزمین کو عمر قید کی سزا

   

احمد آباد۔29؍اگست ( ایجنسیز )گجرات بٹکوائن اسکام میں بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی نلن کوٹڈیا کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے عدالت نے انھیں عمر قیدکی سزا سنا دی ہے۔ نلن کوٹڈیا کے علاوہ امریلی کے سابق ایس پی جگدیش پٹیل اور سابق پولیس انسپکٹر اننت پٹیل کو بھی قصوروار ٹھہرایا گیا ہے۔ مجموعی طور پر 14 ملزمین کو انسداد بدعنوانی بیوروکورٹ نے تاحیات قید کی سزا سنائی ہے۔ سبھی ملزمین پر بی این ایس (بھارتیہ دَنٹ سنہیتا) اور انسداد بدعنوانی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔معاملے کی سماعت کے دوران اے سی بی کورٹ نے اخذ کیا کہ قصوروار ٹھہرائے گئے سبھی 14 ملزمین 2018 میں سامنے آئے 12 کروڑ روپے قیمت کے 176 بٹکوائن اور 32 لاکھ روپے نقد کی جبراً وصولی اور اغوا کی سازش میں شامل تھے۔ یہ معاملہ نوٹ بندی کے بعد سرخیوں میں آیا تھا۔ اس کیس میں مجموعی طور پر 15 لوگوں کو نامزد کیا گیا تھا، جن میں سے 14 کو عدالت نے قصوروار ٹھہرایا ہے۔ ایک ملزم کو ثبوت کی عدم موجودگی میں بری کر دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سورت کے بلڈر شیلیش بھٹ کا اغوا کیا گیا تھا اور شیلیش بھٹ کو پی آئی اننت پٹیل اور اس کی ٹیم نے سرکاری گاڑی میں اغوا کیا تھا۔ شیلیش کو گاندھی نگر کے پاس کسی مقام پر لے جایا گیا اور وہاں اس سے 9 کروڑ روپے کے 176 بٹکوائن ٹرانسفر کرنے کو کہا گیا۔اغوا کیس کی جانچ کے بعد سی آئی ڈی نے پی آئی اننت پٹیل اور 10 دیگر پولیس اہلکاروں کو گرفتار کیا تھا۔ نلن کوٹڈیا کا کردار ’فکسر‘ کی شکل میں سامنے آیا ہے۔ شیلیش بھٹ پر 2091 بٹکوائن، 11000 لائٹ کوائن اور 14.50 کروڑ روپے کی نقدی پر مشتمل تاوان کا الزام تھا۔ یہ سارا پیسہ ملا کر 1232.50 کروڑ روپے تک ہوتا ہے۔